ساہیوال‘ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کا سالانہ امتحانات 5مئی سے کرانے کا فیصلہ

اتوار 22 اپریل 2018 15:10

ساہیوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2018ء) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے سالانہ امتحانات 5مئی سے کرانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلہ میں تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں یہ بات کنٹرولر امتحانات قاضی عبدالناصر نے بتائی ۔انہوں نے بتایا کہ انٹرمیڈیٹ امتحان میں 84358 امیدوار شریک ہوں گے جن میں43771 پارٹ1 اور 40587 پارٹ 2 کے شامل ہیں جن میں 42728 مرد اور 41630 خواتین امیدوار شامل ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ بورڈ نے امتحانات کیلئے 110 امتحانی مرکز قائم کیے ہیں جن میں سے 48 ضلع اوکاڑہ،23 ضلع پاکپتن اور 39 ضلع ساہیوال میں ہیں جہاں عملے کی تعیناتی بھی کر دی گئی ہے۔قاضی عبدالناصرنے بتایا کہ انٹرمیڈیٹ امتحانات میں امیدوار 5 گروپوں پری میڈیکل،پری انجینئرنگ،آرٹس ،جنرل سائنس اور کامرس میں شرکت کرتے ہیں تا ہم سب سے زیادہ 32796 امیدوار آرٹس گروپ میں امتحان دے رہے ہیں جبکہ پری میڈیکل میں 20612 اورپری انجینئرنگ میں 14600 امیدوار شریک ہو ں گے ۔

(جاری ہے)

امتحانات کو شفاف اور فل پروف بنانے کے لئے کمشنر ساہیوال اور چیئرمین بورڈ علی بہادر قاضی کی خصوصی ہدایت پر تمام امتحانی عملے کی تربیت کے ساتھ ساتھ امتحانات کی ما نیٹرنگ کیلئے موبائل انسپکٹر بھی تعینات کئے جا رہے ہیں جو پیپر شروع ہونے سے لے کر ختم ہونے تک تمام امتحانی عمل کی مسلسل نگرانی کریں گے تاکہ نقل کے امکانات کو روکا جا سکے ۔

متعلقہ عنوان :