کتاب تہذیب معاشی، سائنسی اور عملی ترقی کی آئینہ دار اور بہترین دوست ہے، عارف رمضان جتوئی

اردو زبان کو ختم کرکے انگریزی کو فروغ دیا جارہا ہے ،اردو زبان کے فروغ کے لیے خصوصی اقدمات کیے جانے چاہئیں, رائٹرز کلب رہنمائوں کا کتاب کے عالمی دن پرپیغام

اتوار 22 اپریل 2018 23:21

اسلام آباد/لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 اپریل2018ء) رائٹرز کلب کے عہدیداران عارف رمضان جتوئی، بنت عزیز، دیا خان بلوچ اور عائشہ صدیقہ نے عالمی یوم کتاب کے حوالے سے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ کتاب ایک قوم کی تہذیب و ثقافت اور معاشی، سائنسی اور عملی ترقی کی آئینہ دار ہونے کے ساتھ ساتھ انسان کی بہترین دوست بھی ہے۔ کتابوں سے دوستی رکھنے والا شخص کبھی تنہا نہیں ہوتا۔

کتاب اس وقت بھی ساتھ رہتی ہے، جب تمام دوست اور پیار کرنے والے ساتھ چھوڑ دیں۔

(جاری ہے)

اگرچہ آج ٹی وی، انٹرنیٹ اور موبائل نے لوگوں کے ذہنوں پر قبضہ کرلیا ہے، لیکن کتاب کی اہمیت اپنی جگہ مسلمہ ہے۔ اردو کے فروغ کے لئے جو ادارے کام کررہے ہیں ان کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ زیادہ سے زیادہ سیمینار کرائیں اور اردو کے فروغ کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کیے جائیں۔ آج کل اردو زبان کو ختم کرکے انگریزی کو فروغ دیا جارہا ہے حالانکہ اردو زبان کے فروغ کے لئے خصوصی اقدمات کئے جانے چاہئیں تاکہ اس کو زیادہ سے زیادہ فروغ حاصل ہو۔ یہ ہماری غلطی ہے کہ اردو زبان سے لاپروائی برتی جارہی ہے جس سے یہ زبان اپنی اصل شناخت کھو چکی ہے۔

متعلقہ عنوان :