ڈپٹی کمشنر مردان محمد عثمان محسود کے زیرصدارت اجلاس

ضلع مردان میں پلاسٹک بیگز کی جگہ ماحول دوست بائیو ڈیگریڈیبل شاپنگ بیگز متعارف کرانے کیلئے لائحہ عمل طے کیا گیا

بدھ 25 اپریل 2018 19:23

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 اپریل2018ء) ڈپٹی کمشنر مردان محمد عثمان محسود کے زیرصدارت ایک اجلاس انکے آفس میں منعقد ہوا ۔ جس میں ضلع مردان میں پلاسٹک بیگز کی جگہ ماحول دوست بائیو ڈیگریڈیبل شاپنگ بیگز متعارف کرانے کیلئے لائحہ عمل طے کیا گیا ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنرز ، ٹی ایم اوز، تحصیل ناظمین، تاجر تنظیموں کے صدور نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

اس موقع پر یہ فیصلہ کیا گیا کہ ماحول پر برے اثرات مرتب کرنے والے اور ماحول دشمن شاپنگ بیگز کا استعمال ترک کرکے اس کی جگہ ماحول دوست بائیو ڈیگریڈیبل شاپنگ بیگز ضلع بھرمیں متعارف کرائے جائنگے تاکہ ماحولیاتی آلودگی سے بچا جاسکے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر مردان نے پلاسٹک شاپنگ بیگز کی ماحول اور انسانوں پر ہونے والے مضر اثرات پر روشنی ڈالی اور کہا کہ پلاسٹک زمین میں تحلیل نہیں ہوتی جس سے فصلوں کو نقصان ہورہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ماحولیاتی آلودگی دنیا کیلئے خطرہ ہے جس میں وقت گزرنے کیساتھ ساتھ اضافہ ہورہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر مستقبل کے چیلنجز کا مقابلہ ابھی سے نہ کیا گیا تو پھر اس پر قابو پانا مشکل ہوجائیگا۔ انہوںنے کہا کہ پلاسٹک کی وجہ سے نکاس آب کے نالے بند ہورہے ہیں جس کی ہروقت صفائی ممکن نہیں۔ تاجر تنظیموں کے صدور اور شرکاء نے ضلع مردان کے اس اقدام کو بے حد سراہا اور ہر قسم کے تعاون کا یقین دلایا۔

متعلقہ عنوان :