سی سی پی نے ریلائنس پینٹ پرڈائون سٹریم کارٹلایزیشن پر جرمانہ عائد کر دیا

بدھ 25 اپریل 2018 19:39

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2018ء) کمپیٹیشن کمیشن آف پاکستان نے ریلائنس پینٹ پراپنی مصنوعات کی کم سے کم قیمت فروخت کو فکس کرنے ،اپنے ڈیلرز کو اس کمپیٹیشن مخالف پرائس فکسنگ معاہدے کا پابند کرنے اورکمپیٹیشن ایکٹ کے سیکشن۴کی خلاف ورزی پر 50لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا ہے۔سی سی پی کو ایگزو نوبیل پاکستان کی جانب سے شکایت موصول ہوئی تھی کہ ریلائنس پینٹ اپنی مصنوعات کی کم سے کم قیمت فروخت کو فکس کرنے اور ایسا نہ کرنے پراپنے ڈیلرز پر جرمانے عائد کرنے میں ملوث ہے۔

سی سی پی کی جانب سے اس معاملے پر ایک انکوائری شروع کی گئی اورسی سی پی کی انکوائری کمیٹی کی رپورٹ کے مطابق ریلائنس پینٹ اپنے ڈیلرز کے ساتھ پرائس کنٹرول لسٹ کے زریعے کم از کم قیمت فروخت مقرر کرنے کے معاہدے میں ملوث تھا اور ڈیلرز کو اس معاہدے پر عمل نہ کرنے کی صورت میں وہ ان کو اپنی مصنوعات کی رسد بند کر دیتا تھا اور مقررہ قیمت پر مصنوعات فروخت نہ کرنے کی صورت میں اپنے ڈیلرز پر جرمانے تک عائد کر دیتا تھا۔

(جاری ہے)

سی سی پی انکوائری کی مطابق ریلائنس پینٹ نے اپنے ڈیلرز ، ریٹیلرز اور ڈسٹری بیوٹرز کو ایک سرکلر جاری کیا ہواتھا کہ جو بھی کمپنی کی مقررکردہ قیمتوں پر مصنوعات کی فروخت کرے گا اسے خریدے ہوئے کل سامان پر ہر مہینے 8فی صدڈسکائونٹ دیا جائے گا۔ لیکن اس مقررہ قیمت سے انحراف کی صورت میں پہلی شکایت پر ہر مہینے کے 8 فی صدڈسکائونٹ کو روک دیا جائے گا اور دوسری شکایت پر اس ڈیلر کے سالانہ ڈسکائونٹ کو 5فی صدتک محدود کر دیا جائے گا اور ایسی تیسری شکایت پراسکی ڈیلر شپ فوری طور پر ختم کر دی جائے گی۔

اس سرکلر میں ریلائنس پینٹ نے اپنے ڈیلرز کو پابند کیا تھاکہ وہ کمپنی کے مقرر کردہ ڈیلرز کے علاوہ کسی اور ڈیلر کو مال فروخت نہیں کر سکتے۔انکوائری رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ ریلائنس پینٹ کی جانب سے یہ کمپیٹیشن مخالف اقدامات نہ صرف ڈیلرز اور ریٹیلرز کے مابین کمپیٹیشن کو محدود کرنے کا باعث بنے بلکہ ریلائنس اور اس کے حریف کاروباری اداروں کے بیچ بھی کمپیٹیشن کو متاثر کرنے کا باعث بنے ہیں کیونکہ ریٹیل پرائس فکس کر دی گئیں اور ڈیلرز صارفین کو ریلائنس کی مصنوعات پر کسی قسم کا ڈسکائونٹ دینے سے قاصر ہو گئے۔

اگرچہ ریلائنس پینٹ نے اپنی مصنوعات کی قیمتیں فکس کر کے کمپیٹیشن ایکٹ کے سیکشن ۴ کی خلاف ورزی کی، سی سی پی نے ریلائنس کی جانب سے کمپیٹیشن خدشات پر کیے گئے وعدوں کی بنا پردر گزر سے کام لیتے ہوئے ریلائنس پینٹ پر صرف 50 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا ہے اور اس کو فوری طور پر پرائس فکسنگ روکنے کا حکم دیا گیا ہے۔ سی سی پی نے کمپنی کو اس بات کا بھی پابند کیا ہے کہ وہ اپنے ڈیلرز کو مجوزہ قیمتیں جاری کرنے سے پہلے کمپیشن سے رجوع کرے تا کہ اس بات کا تعین ہو سکے کہ کمپیٹیشن ایکٹ کے سیکشن 5 کے تحت ایگزمشن لینا لازمی ہے کہ نہیں۔

سی سی پی کو کمپیٹیشن ایکٹ کے تحت یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ تمام تجارتی اور معاشی سرگرمیوں میں کمپیٹیشن کو فروغ دے تا کہ معاشی کارکردگی بہتر ہو اور صارفین کمپیٹیشن مخالف رویوں سے محفوظ رہیں۔

متعلقہ عنوان :