پیمرا نے عدلیہ مخالف تجزیوں اورتبصروںپر ڈان نیوز، چینل 24 اور نیوز ون کو اظہاروجوہ کے نوٹسز و ہدایات جاری کر دی

بدھ 25 اپریل 2018 20:31

پیمرا نے عدلیہ مخالف تجزیوں اورتبصروںپر ڈان نیوز، چینل 24 اور نیوز ون ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 اپریل2018ء) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی(پیمرا) نے ڈان نیوز، چینل 24 اور نیوز ون کو تنبیہ اور اظہارِوجوہ کے نوٹس جاری کر دئیے ۔ ڈان نیوز کو حالاتِ حاضرہ کے پروگرام "دورائی" میں میزبان اسد رحیم خان کی طرف سے اعلیٰ عدلیہ کے خلاف توہین آمیز تجزیہ کرنے پر اظہارِ وجوہ کا نوٹس جاری کیا اور چینل کو 2مئی تک جوابدہی کا حکم دیاہے، پیمرا نے چینل 24 کے پروگرام "پوائنٹ آف دی ویو وِد ڈاکٹر دانش " کے دوران فیصل واؤڈا کی جانب سے اخلاق باختہ اور تضحیک آمیزگفتگو کرنے پر اظہارِ وجوہ کا نوٹس جاری کیااور چینل انتظامیہ کو2مئی کو تحریری جوابدہی کے ساتھ ذاتی شنوائی کیلئے بھی حاضر ہونے کی ہدایت کی۔

مقررہ وقت میں جواب موصول نہ ہونے اور ذاتی شنوائی کیلئے پیش نہ ہونیکی صورت میں اتھارٹی دونوں چینلز کیخلاف یکطرفہ کاروائی کرنے کی مجاز ہوگی۔

(جاری ہے)

پیمرا نے چینل 24 کے پروگرام ڈی این اے اورنیوز ون کے پروگرام " نیوز بلیٹن-" میں نشر کئے گئے مواد پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت جاری کیں کہ آئندہ کسی بھی پروگرام میں اعلیٰ عدلیہ کے خلاف کوئی بھی مواد نشر کرنے سے گریز کیاجائے اور لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے ۔

مزید برآں ان چینلزکو اپنے تاخیری نظام کو مؤثر بنانے کی بھی ہدایات جاری کی ہیںتاکہ کسی بھی طرح کا نازیبا مواد نشر نہ ہو ۔ چینلز کو مزید واضح کیا گیا کہ کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں پیمرا قوانین کے تحت سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔