اسلام آباد کالج فار گرلزایف سکس ٹو کی پرنسپل روبینہ مقبول کے نادرشاہی احکامات

بہارہ کہوسمیت دیہی علاقوں سے تعلق رکھنے والی طالبات کے لیے پک ڈراپ سروس بند کرنے کا عندیہ دے دیا

بدھ 25 اپریل 2018 21:32

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 اپریل2018ء) وفاقی دارالحکومت کے واحد اسلام آباد کالج فار گرلزایف سکس ٹو کی پرنسپل روبینہ مقبول کے نادرشاہی احکامات،بہارہ کہوسمیت دیہی علاقوں سے تعلق رکھنے والی طالبات کے لیے پک ڈراپ سروس بند کرنے کا عندیہ دے دیا، پک ڈراپ کی سہولت پوش سیکٹر تک محدود کرنے کے اعلان پر پسماندہ علاقوں سے آنے والی طالبات کے والدین میں شدید تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے ذرائع کے مطابق اسلام آباد کے سیکٹر ایف سکس ٹو میں قائم اسلام آباد کالج فا رگرلز کی پرنسپل روبینہ مقبول جو کہ حال ہی میں ایف ٹین ٹو سے تبدیل ہوکر یہاں تعینات ہوئی ہیں کی جانب سے چارج سنبھالتے ہیں متعددناپسندیدہ اقدامات کاسلسلہ جاری کیا گیاہے جس میں بلوچستان کی غریب طالبات کو سکالرشپ اور دیگر اخراجات کی مد میں جاری کی جانے والی رقم کو روکنے ،داخلہ جات بند کرنے ، نئے سیشن کے لیے داخلوں کی مد میں داخلہ فارم سرے سے ہی نہ چھپوانے کے ساتھ ساتھ اب معلوم ہواہے کہ پرنسپل صاحبہ نے دوردراز سے آنے والی طالبات کے لیے بس سروس کو بھی بند کرنے کا عندیہ دے دیاہے اور کہاہے کہ بجٹ کم اور پٹرول کے لیے رقم نہیں ہوتی اس لیے ان کی بسیں الیون سیریز کے سیکٹرز ،ایکسپریس ہائی وے اور بہارہ کہو کی جانب روانہ نہیں کی جائیں گے ۔

(جاری ہے)

پسماندہ علاقوں سے تعلق رکھنے والی طالبات کو بس سروس معطلی کے خبر سے ان علاقوں سے آنے والی طالبات اور ان کے والدین میں شدید تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور انہوں نے پرنسپل کے مذکورہ نادرشاہی احکامات پر حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیاہے۔واضح رہے مذکورہ علاقوں سے تعلق رکھنے والی طالبات کے اکثر والدین وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چودھری کے انتخابی حلقہ سے ہے اور ذرائع کاکہناہے کہ ایسے اقدامات کا مقصد وزیر کیڈ کے ووٹ بنک کو متاثر کرنا اور اگلے انتخابات میں ان کی جیت کو ہار میں تبدیل کرنے کی سازش کے مترادف ہے۔