کے پی فوڈ اتھارٹی کے ایک ماہ میں ستر لاکھ روپے کے جرمانے، ویب سائٹ اور کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم فعال

بدھ 25 اپریل 2018 22:39

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2018ء) خیبرپختونخوا فود سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے پچھلے ایک ماہ کی کارکردگی رپورٹ میڈیا کے سامنے رکھتے ہوئے صوبہ بھر میں ہونے والی کاروائیوں کی تفصیل میڈیا کے ساتھ شئیر کی۔ کارکردگی رپورٹ کے مطابق اب تک صوبہ بھر میں مختلف اپریشنز کے دوران جعلسازوں اور ملاوٹ کے گھنونا کاروبار کرنے والے پر ستر لاکھ کے جرمانے عائد کئے جاچکے ہیں جبکہ ایک ماہ کی قلیل مدت میں کے پی فوڈ اتھارٹی کے ویب سائٹ سمیت کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم کو بھی فعال کیا گیا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ابھی تک اتھارٹی کے عملے نے صوبہ بھر میں 91 فیکٹریوں کی انسپکشن کی ہے جس میں 15 فیکٹریوں کو حفظان صحت کے اصولوں کے منافی کام کرنے پر سربمہر کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح چھ ہزار بہتری کے نوٹسز مختلف ہوٹل، بیکریوں اور خوراک کے روزگار سے وابستہ افراد کو جاری کئے جاچکے ہیں جبکہ تاحال صوبے کے ساتوں ڈویژن میں چھ ہزار سے زائد بیکریوں کی چیکنگ کی جاچکی ہے جہاں پر نان فوڈ گریڈ کلرز کے استعمال کے خلاف سخت ایکشن لئے جاچکے ہیں۔

ملاوٹی دودھ کا سدباب کرتے ہوئے دوہزار لیٹر سے زائد ملاوٹی دودھ کو تلف کیا جاچکا ہے جبکہ پروڈکٹ رجسٹریشن کی مد میں ابھی تک پچیس اداروں کا اندراج ہوچکا ہے۔ اسی طرح رپورٹ میں تین سو سکولوں کی چیکنگ اور ان میں حفظان صحت کے اصولوں پر مبنی خوراک کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جاچکا ہے۔