کمشنر ملاکنڈ ڈویژن ظہیرالاسلام نے ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ آن لائن پولیس کلیئرنس سرٹیفیکٹ کا افتتاح کردیا

بدھ 25 اپریل 2018 23:31

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2018ء) کمشنر ملاکنڈ ڈویژن ظہیرالاسلام نے ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ آن لائن پولیس کلیئرنس سرٹیفیکٹ کا افتتاح کردیا جسکے ذریعے عوام کو گھر کی دہلیز پرصرف تین دن میں پولیس کلیئر نس سرٹیفیکٹ ملے گا۔ افتتاحی تقریب کے موقع پر ڈی آئی جی ملاکنڈ اختر حیات خان،ڈپٹی کمانڈنٹ ملاکنڈ اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔

کمشنر ملاکنڈ ڈویژن ظہیرالاسلام نے اس موقع پر بتایا کہ جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگی وقت کی اہم ضرورت ہے یہی خیال لے کر ملاکنڈ لیویز نے کامیاب آن لائن ایف آئی آرکے بعداب آن لائن پولیس کلئیرنس سرٹفیکٹ کا آغاز کیا جسکے ذریعے اب عوام کو گھروں کی دہلیز پر صرف تین دن کے قلیل وقت میں سرٹفیکٹ ملیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پولیس کلئیرنس سرٹیفکیٹ کا پرانا طریقہ کار انتہائی پیچیدہ تھا اور لوگ کئی کئی دن دفتروں کے چکر کاٹتے تھے لیکن اب اس پرانے طریقے سے چھٹکارہ پانے کے لئے ملاکنڈ لیویز نے آن لائن کلئیرنس سرٹفیکٹ کا آغاز کیا جس کے ذریعے عوام آن لائن فارم پر کرکے تین دن کے اندر سرٹیفیکٹ حاصل کریں گے۔

کمشنر نے مزید بتایا کہ ملاکنڈ پہلاڈویژن ہے جہاں آن لائن پولیس کلئیرنس سرٹفیکٹ کا آغاز ہوگیا ہے اس سے پہلے آن لائن پولیس کلئیرنس سرٹیفکیٹ کی مثال پاکستان میں کہیں بھی نہیں ملتی ہے۔ظہیرالاسلام نے بتایا کہ پولیس کلئیرنس سرٹیفکیٹ کے علاوہ آن لائن ڈومیسائل اور جوڈیشری سسٹم بھی بہت جلد متعارف کیا جائیگا۔جس سے نہ صرف لوگوں کو ڈومیسائل کے حصول میں مشکلات وروکاٹیں دور ہونگی بلکہ طالبعلموں کا قیمتی وقت بھی ضائع نہیں ہوگااسی طرح جوڈیشل سسٹم آن لائن ہونے سے لوگ گھروں میں بیٹھ کر اپنے مقدموں کی تاریخ کے بارے میں معلومات حاصل کریں گے۔

انہوں نے ملاکنڈ لیویزکی کاوشوں کوسراہتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاکر ترقی یافتہ ملکوں کی طرح ملاکنڈڈویژن میں لوگوں کو سہولیات آن لائن میسرہونگی۔