پنجاب بھر میں غیرمنظور شدہ ہائوسنگ سکیموں کے قیام کا سخت نوٹس، ذمہ داران کو پلاٹوں کی فروخت سے روک دیا گیا

جمعرات 26 اپریل 2018 15:10

فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2018ء) حکومت پنجاب نے فیصل آباد ڈویژن سمیت صوبہ بھر کے مختلف علاقوں میں غیر منظور شدہ ہائوسنگ سکیموں کے قیام کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے مذکورہ سکیموں کے مالکان سے کہا ہے کہ وہ غیر قانونی طور پر سادہ لوح عوام کو پر کشش لالچ دے کر پلاٹوں کی فروخت سے باز رہیں اور متعلقہ ضلع کونسلز ،میونسپل کار پوریشنز ،میونسپل کمیٹیز ، یونین کونسلز اورڈسڑکٹ گورنمنٹس سے مذکورہ ہائوسنگ سکیموں کی باقاعدہ منظوری حاصل کی جائے تاکہ پلاٹ حاصل کر نے والے افراد کو بعد میں کسی پریشانی کا سامنا نہ کرناپڑے نیز اس ضمن میں تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو بھی ہدائت کی گئی ہے کہ وہ غیر قانونی اور غیر منظور شدہ ہائوسنگ سکیموں کا قیام روکنے کیلئے اقدامات کریں ۔

(جاری ہے)

فیصل آباد ڈویژنل انتظامیہ کے ذرائع نے بتایا کہ حکومت کے علم میں یہ بات لا ئی گئی ہے کہ فیصل آباد ڈویژن کے اضلاع جھنگ، فیصل آباد ، ٹوبہ ٹیک سنگھ ، چنیوٹ سمیت پنجاب کے اکثر علاقوں میں کئی غیر قانونی رہائشی سکیمیں شروع کی گئی ہیں جہاں سادہ لوح عوام کو پر کشش ترغیبات دینے سمیت سہانے سپنے دکھا کر مہنگے داموں پلاٹ فروخت کئے جا رہے ہیں اور ان کی رجسٹریاں بھی نہ کروا کر دی جا رہی ہیں۔

انہوںنے بتا یا کہ ان رہائشی سکیموں میں سے زیادہ تر سکیمیں باقاعدہ طور پر منظور شدہ نہ ہیں ۔ انہوںنے عوام الناس کو بھی ہدائت کی کہ وہ رہائشی سکیموں یا ہائوسنگ کالونیوں میں پلاٹ خریدنے سے قبل اس کے بارے میں مکمل معلومات حاصل کر لیں تاکہ بعد میں انہیں کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

متعلقہ عنوان :