ایشین یوتھ اولمپکس گیمز کوالیفائرز ہاکی ٹورنامنٹ، پاکستان نے سنگاپور اور کمبوڈیا کو ہرا کر مسلسل دو فتوحات حاصل کیں،

حماد انجم اور مرتضیٰ کی دونوں میچز میں ہیٹرکس

جمعرات 26 اپریل 2018 19:30

ایشین یوتھ اولمپکس گیمز کوالیفائرز ہاکی ٹورنامنٹ، پاکستان نے سنگاپور ..
بنکاک۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2018ء) ایشین یوتھ اولمپکس گیمز کوالیفائرز ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان نے سنگاپور اور کمبوڈیا کو ہرا کر مسلسل دو فتوحات حاصل کیں۔ جمعرات کو تھائی لینڈ میں جاری ایونٹ میں پاکستانی جونیئر ٹیم نے دو میچز کھیلے، پہلے میچ میں اس نے سنگاپور کو 5-0 گولز جبکہ دوسرے میچ میں گرین شرٹس نے کمبوڈیا کو 20-0 گولز کے واضح مارجن سے شکست دی۔

پاکستانی جونیئر ٹیم نے سنگاپور کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے با آسانی 5-0 گولز سے کامیابی حاصل کی، مرتضیٰ یعقوب نے شاندار ہیٹرک سکور کر کے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا جبکہ حماد انجم نے 2 گولز کئے، اسی روز کھیلے گئے دوسرے میچ میں پاکستانی جونیئر ٹیم نے غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کمبوڈیا کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 20-0 گولز کے بھاری مارجن سے ہرا کر مسلسل دو کامیابیاں حاصل کیں، حماد انجم، وقاص احمد، مرتضیٰ یعقوب اور ذوالقرنین نے شاندار ہیٹرکس سکور کر کے ٹیم کو شاندار فتح دلائی، حماد نے 6، وقاص نے 4، مرتضیٰ اور ذوالقرنین نے 3، 3 اور محب اللہ نے ایک گول کیا۔

(جاری ہے)

پاکستانی ٹیم نے چائنیزتائپے کے خلاف ابتدائی میچ 3-3 گولز سے برابر کھیلا تھا، گرین شرٹس ایونٹ میں آج جمعہ کو آخری دو میچز کھیلے گی، پہلے میچ میں اس کا مقابلہ ملائیشیا اور دوسرے اور آخری میچ میں اس کا مقابلہ بنگلہ دیش سے ہو گا۔ ایونٹ کے سیمی فائنلز 28 اپریل جبکہ دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل 29 اپریل کو کھیلا جائے گا۔