سپریم کورٹ نے ایفی ڈرین کیس کے غلط استعمال کے حوالے سے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کی جانب سے دائر درخواست نمٹادی

جمعرات 26 اپریل 2018 23:47

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2018ء) سپریم کورٹ نے ایفی ڈرین کیس کے غلط استعمال کے حوالے سے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کی جانب سے دائر درخواست نمٹادی۔جمعرات کوچیف جسٹس میاں نثارکی سربراہی میں جسٹس عمرعطا بندیال اورجسٹس سجادعلی شاہ پرمشتمل تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی، اس موقع پردرخواست گزار شیخ رشید نے عدالت کوآگاہ کیاکہ میری درخواست ایفیڈرین کے غیرقانونی استعمال کے بارے میں ہے جس سے معاشرے کونقصا ن پہنچ رہا ہے یہ عوامی مفاد کامعاملہ ہے اس لئے میری استدعا ہے کہ ایفی ڈرین کے غیرقانونی استعمال کی تحقیقات کی جائیں جس پرچیف جسٹس نے ان سے کہا کہ عدالت آپ کی درخواست کاجائزہ لے گی، اگرکیس غیرموثر ہوگیاہے تو اسے نمٹا دیا جائے گا ، سماعت کے دورا ن عدالت نے شیخ رشید کومخاطب کرتے ہوئے کہاکہ اے این ایف نے ایفی ڈرین کے حوالے سے تحقیقات دوہفتے میں مکمل کرناتھیں جواب مکمل ہوگئی ہیں اس لئے آپ کی درخواست نمٹادی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

سماعت کے دورا ن مسلم لیگ کے رہنماحنیف عباسی نے پیش ہوکر عدالت کوبتایاکہ میں نے کوئی غلط کام نہیں کیا بلکہ حکومت کی جانب سے دی گئی ذمہ داری اداکی ہے لیکن اے این ایف نے میرے خلاف تحقیقات شروع کیں چیف جسٹس نے کہاکہ تحقیقات توہونا تھیں جو اب مکمل بھی ہوگئی ہیں اس لئے آپ کی درخواست بھی غیرموثر ہے ، بعدازاں عدالت نے حنیف عباسی کی جانب سے دائر توہین عدالت کی درخواست بھی خارج کردی۔