کویت سے فلپائنی سفیر کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دے کر بے دخل کرنے کی وضاحت طلب

جمعہ 27 اپریل 2018 09:50

منیلا ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2018ء) فلپائن نے کویت سے اپنے سفیر ریناٹو ویلا کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دے کر ملک سے بے دخل کرنے کی وضاحت طلب کرلی ۔عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق فلپائنی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ محکمہ خارجہ نے منیلا میں کویت کے سفارت خانے کو ایک سفارتی نوٹ بھیجا ہے۔اس میں کویت میں متعیّن فلپائنی سفیر ریناٹو پیڈرو ویلا کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دینے پر سخت حیرت اور ناپسندیدگی کا اظہار کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس نوٹ میں فلپائنی وزیر خارجہ ایلن پیٹر کیٹانو نے کویتی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فلپائنی سفارت خانے کے چار ملازمین کو حراست میں رکھنے اور تین سفارتی اہلکاروں کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی بھی وضاحت کرے۔فلپائن کا کہنا ہے کہ اس کے سفارت خانے نے چار زیر حراست افراد میں سے تین کی کویت میں مشکلات کا شکار گھریلو ملازماؤں کو ان کے آجروں کے گھروں سے نکالنے کے لیے خدمات حاصل کی تھیں۔واضح رہے کہ کویت نے گزشتہ بدھ کو فلپائنی سفیر کو ایک ہفتے میں ملک چھوڑنے کی ہدایت کی تھی اور منیلا میں متعیّن اپنے سفیر کو واپس بلا لیا تھا۔اس کے بعد کویت اور فلپائن کے درمیان جاری سفارتی بحران مزید شدت اختیار کر گیا ہے۔