امریکی سینیٹ نے مائیک پومپیو کو وزیر خارجہ تعینات کردیا،عہدے کا حلف لے لیا

پومپیو نیٹو وزارت خارجہ اجلاس میں شرکت اور خطے کے باہمی مسائل کے حوالے سے گفتگو کریں گے،ترجمان

جمعہ 27 اپریل 2018 12:32

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2018ء) امریکی سینیٹ نے مائیک پومپیو کو وزیر خارجہ تعینات کردیا۔انہوں نے بطور وزیر خارجہ اپنے عہدے کا حلف بھی اٹھا لیا۔امریکی ٹی وی کے مطابق پومپیو کے حق میں امریکی سینیٹ میں 57 اورمخالفت میں 42 ووٹ پڑے۔ان کی تعیناتی ایک ایسی گھمبیر بین الا اقوامی صورتحال میں ہوئی جب امریکی صدر ٹرمپ اور شمالی کوریا کے صدر کی آپس میں ملاقات کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

خیال کیا جاتا ہے کہ پومپیو امریکا ، شمالی کوریا تعلقات میں خلل نہیں ڈالیں گے وہ امریکی صدرکی خواہشات کے مطابق ہی اپنا کردار ادا کریں گے۔وزیر خارجہ بننے کے بعد مائیک پومپیو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے وزیر خارجہ بننے پر بہت خوشی محسوس ہورہی ہے اور میری پوری کوشش ہوگی کہ میں اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائوں۔مائیک پومپیو نے بتایا کہ وہ امریکا کو درست سمت میں لے جانے کے خواہاں ہیں۔ حلف اٹھانے کے چند ہی گھنٹوں بعد انہوں نے بطور وزیر خارجہ برسلز، ریاض، امان اور یروشلم کا دورہ کیا۔وزارت خارجہ کی ترجمان نورٹ کا کہنا تھا کہ پومپیو نیٹو وزارت خارجہ اجلاس میں شرکت کریں گے جہاں وہ خطے کے باہمی مسائل کے حوالے سے گفتگو کریں گے۔