شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان جنوبی کوریا جانے والے پہلے رہنما بن گئے

جمعہ 27 اپریل 2018 12:47

سیئول ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2018ء) کم جونگ ان شمالی کوریا کے کے پہلے رہنما ہیں جو 1953 کی کورین جنگ کے اختتام کے بعد سرحد پار کر کے جنوبی کوریا میں داخل ہوئے ہیں۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق جنوبی کوریا کے صدر مون جے اِن نے اس تاریخی موقعے پر شمالی کوریا کے رہنما سے گرمجوشی سے مصافحہ کیا۔اپنی آمد پر شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان نے اس موقعے کو امن کے لیے نئے دور کا آغاز قرار دیا۔

انھوں نے پیس ہاؤس میں کتاب پر لکھا ’ایک نئی تاریخ اب شروع ہو رہی ہے، نئی تاریخ کا آعاز اور امن کا دور۔ان دونوں کی ملاقات غیر فوجی علاقے یعنی ڈی ایم زیڈ میں ہو گی، تاہم بی بی سی کے مطابق کم جونگ ان نے کہا ہے کہ کسی بھی وقت بلو ہاؤس (جنوبی کوریا کے سربراہ کی رہائش گاہ) جانے کے لیے تیار ہیں۔

(جاری ہے)

جنوبی کوریا کے صدر مون جے ان اپنے نو رکنی وفد کے ساتھ ڈی ایم زیڈ میں بنے کمرے میں کم جونگ ان سے ملیں گے اس تاریخی ملاقات میں شمالی کوریا کی جانب سے جوہری ہتھیاروں کو ترک کرنے کے عندیے پر توجہ ہو گی۔

شمالی کوریا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق کم جونگ ان ملاقات کے لیے دارالحکومت پیانگ یانگ سے سرحد کے لیے روانہ ہوئے۔سرکاری ایجنسی نے کہا کہ کم جونگ ان نے روانگی سے قبل کہا کہ وہ مون جے ان کے ساتھ ان تمام معاملات پر بات کریں گے جن سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔