کامران خلیل آئی ٹی ایف ڈویژن ٹو اور آئی ٹی ایف ایشین انڈر 14 چیمپئن شپ میں کوچنگ کیلئے 5 مئی کو بنکاک روانہ ہوں گے

جمعہ 27 اپریل 2018 13:15

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2018ء) پاکستان کے کامران خلیل آئی ٹی ایف ڈویژن ٹو اور آئی ٹی ایف ایشین انڈر 14 چیمپئن شپ میں بطور کوچ خدمات سرانجام دینے کیلئے 5 مئی کو بنکاک روانہ ہوں گے۔ ایشین ٹینس فیڈریشن کی جانب سے جاری تفصیلا ت کے مطابق آئی ٹی ایف ڈویژن ٹو اور آئی ٹی ایف ایشین انڈر 14 چیمپئن شپ 7 سے 19 مئی تک تھائی لینڈ کے شہر بنکاک میں کھیلی جائے گی۔

پہلا ایونٹ 7 سے 12 مئی تک جبکہ دوسرا ایونٹ 14 سے 19 مئی تک کھیلا جائے گا۔

(جاری ہے)

دونوں ایونٹس میں پاکستان، ویتنام، بنگلہ دیش، لبنان، ایران، قازخستان اور منگولیا کے 2، 2 کھلاڑی شرکت کریں گے۔ ایونٹس میں شرکت کیلئے تمام ممالک کے کھلاڑی 5 مئی کو تھائی لینڈ روانہ ہوں گے اور ٹورنامنٹس کے اختتام پر تمام ممالک کے کھلاڑی 20 مئی کو اپنے اپنے ملک واپس آئیں گے۔ ایشین ٹینس فیڈریشن نے دونوں ایونٹس کیلئے پاکستان کے کامران خلیل کو کوچ نامزد کیا ہے اور وہ آئی ٹی ایف ڈویژن ٹو اور آئی ٹی ایف ایشین انڈر 14 چیمپئن شپ میں بطور کوچ فرائض سرانجام دیں گے جس کیلئے کامران خلیل 5 مئی کو بنکاک روانہ ہوں گے۔