کرکٹ کے کھیل کو بالآخر اولمپک کھیلوں میں شامل کر ہی لیا گیا

2028 میں شیڈول لاس اینجلس اولمپکس گیمز میں کرکٹ کی دوبارہ واپسی ہوگی، آخری مرتبہ 1900میں پیرس اولمپکس گیمز میں کرکٹ کے مقابلے ہوئے ،جس کے بعد کر کٹ کو اولمپکس سے نکال دیا گیا، کرکٹ کو دوبارہ اولمپکس گیمز میں شامل کرنا ہماری دیرینہ خواہش بن گئی ، 2024میں پیرس میں شیڈول گیمز میں نئے کھیلوں کی شمولیت کی ڈیڈلائن گزر گئی، ہم نے 2028 گیمز میں کرکٹ کی شمولیت کو ہدف بنا لیا ہے،آئی سی سی

جمعہ 27 اپریل 2018 17:37

کرکٹ کے کھیل کو بالآخر اولمپک کھیلوں میں شامل کر ہی لیا گیا
کولکتہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 اپریل2018ء) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)نے امید ظاہر کی ہے کہ 2028 میں شیڈول لاس اینجلس اولمپکس گیمز میں کرکٹ کی دوبارہ واپسی ہو جائے گی۔ آئی سی سی نے تمام 104 رکن ممالک کے ٹی ٹونٹی میچز کو انٹرنیشنل اسٹیٹس دیدی ہے۔کولکتہ میں آئی سی سی بورڈ کے 5 روزہ اجلاس کے دوران ورلڈ گورننگ باڈی کی جانب سے انتہائی اہم پیشرفت سامنے آئی جس کے تحت آئی سی سی سی نے اپنے تمام ممبر ممالک کو ٹی ٹوئنٹی اسٹیٹس دے دیا ہے اور اب تمام ممبر ملکوں کی ٹیمیں انٹرنیشنل ٹی20 میچز کھیلنے کی اہل ہوں گی جبکہ اس کے علاوہ اس فارمیٹ کی گلوبل رینکنگ متعارف کرانے کی بھی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔

آئی سی سی کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق بین الاقوامی سطح پر کرکٹ کو فروغ دینے کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا تاکہ تمام ٹیمیں پائیدار اور موثر انداز سے کرکٹ کھیل سکیں۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں رواں برس یکم جولائی سے تمام ممبر ممالک کی ویمنز ٹیموں کو ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کی اجازت مل جائے گی جبکہ یکم جنوری 2019 سے تمام ممبر ممالک کی مینز ٹیمیں بھی مختصر فارمیٹ میں انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کی اہل ہو جائیں گی۔

اس کے ساتھ ساتھ آئی سی سی نے امید ظاہر کی ہے کہ 2028 میں شیڈول لاس اینجلس اولمپکس گیمز میں کرکٹ کی دوبارہ واپسی ہو جائے گی۔آخری مرتبہ 1900 میں منعقدہ پیرس اولمپکس گیمز میں کرکٹ کے مقابلے ہوئے تھے اور اس کے بعد اولمپکس گیمز میں کرکٹ نہیں کھیلا جاتا لیکن ورلڈ گورننگ باڈی اب دوبارہ اس کھیل کو گیمز میں شامل کرنے کے لیے کوشاں ہے۔آئی سی سی چیف ایگزیکٹو ڈیو رچرڈسن نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ کرکٹ کو دوبارہ اولمپکس گیمز میں شامل کرنا ہماری دیرینہ خواہش بن گئی ہے، 2024 میں پیرس میں شیڈول گیمز کے سلسلے میں نئے کھیلوں کی شمولیت کی ڈیڈلائن گزر گئی ہے لیکن اب ہم نے 2028 گیمز میں کرکٹ کی شمولیت کو ہدف بنا لیا ہے اور مقصد کے حصول کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔