پی کے 18 ملاکنڈ بٹ خیلہ ون سے اعجاز احمد بھاری اکثریت سے مخالفین کو شکست دیں گے، سینیٹر الیاس احمد بلور

جمعہ 27 اپریل 2018 22:59

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 اپریل2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر رہنما اور ملک کے ممتاز سینئر پارلیمنٹرین سینیٹر الیاس احمد بلور نے آئندہ عام انتخابات میں عوامی نیشنل پارٹی کی کامیابی کا عزم ظاہر کیا ہے اور کہا ہے کہ پی کے 18 ملاکنڈ بٹ خیلہ ون سے عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار اعجاز احمد بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے اور مخالفین کو شکست دیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی نائب صدر ظاہر شاہ خان کے انتقال پر بٹ خیلہ میں مرحوم کے لواحقین سے اظہار ہمدردی اور دعائے مغفرت کے بعد پی کے 18 میں ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر عوامی نیشنل پارٹی کے مقامی رہنماء اور کارکنوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھیں۔

(جاری ہے)

سینیٹر الیاس احمد بلور نے پارٹی کی جانب سے پی کے 18 کے لئے اعجاز احمد کو ٹکٹ دینے کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ وہ نہ صرف بٹ خیلہ کے عوام کی بھرپور خدمت کی اہلیت رکھتے ہیں بلکہ اپنے کردار سے پارٹی کی قدر و منزلت میں اضافہ کا باعث بھی ہیں۔

سینیٹر الیاس احمد بلور نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی نے ہمیشہ غیور پختونوں کے مفادات اور صوبائی حقوق کے تحفظ کی سیاست کی ہے اور انشاء اللہ تعالیٰ آئندہ انتخابات میں عوامی نیشنل پارٹی بھرپور انداز میں کامیابی حاصل کرے گی اور پی ٹی آئی کی جھوٹ پر مبنی سیاست کا مکمل صفایا کرے گی۔ سینیٹر الیاس احمد بلور نے بٹ خیلہ کے عوام سے کہا کہ وہ اپنے ضمیر کے مطابق اعجاز احمد کے حق میں اپنا حق رائے دہی کااستعمال کریں اور انہیں بھاری اکثریت سے کامیاب کروائیں ۔

متعلقہ عنوان :