مارچ میں ایران نے روزانہ دو ملین بیرل تیل برآمد کیا

ہفتہ 28 اپریل 2018 09:30

تہران ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2018ء) ایران نے مارچ کے مہینے میں ایشیائی اور یورپی ملکوں کو روزانہ 21 لاکھ بیرل خام تیل برآمد کیا ہے۔ ایران کی پٹرولیم کی وزارت کے مطابق چین اور ہندوستان ایرانی تیل کے سب سے بڑے خریدار ہیں جو مجموعی طور پر ایران سے روزانہ 1 ملین بیرل سے زائد تیل خریدتے ہیں۔ توقع ہے کہ چین اور ہندوستان کے لئے ایرانی تیل کی برآمدات تقریبا 13 لاکھ بیرل یومیہ ہو جائے گی اور اپریل میں بھی چین اوربھارت، ایران سے تیل خریدنے والے ملکوں میں پہلے اور دوسرے نمبر پر باقی رہیں گے۔

(جاری ہے)

ایران نے مارچ کے مہینے میں روزانہ 4 لاکھ بیرل سیال گیس برآمد کی جن میں 2لاکھ یومیہ سیال گیس جنوبی کوریا نے خریدی ہے۔ایرانی تیل کے خریداروں کی تعداد میں اضافے کے ساتھ ہی اس وقت ایرانی تیل کے پرانے خریداروں منجملہ چین، بھارت، جنوبی کوریا اور جاپان کے ساتھ ساتھ اٹلی، یونان، روس، فرانس، اسپین، ترکی، رومانیہ، ہالینڈ، پولینڈ اور انڈونیشیا بھی ایرانی تیل کے خریداروں میں شامل ہو گئے۔پٹرولیم کی وزارت کے بیان میں کہا گیا ہے کہ برآمد کئے جانے والے ایرانی تیل کا60 فیصد حصہ ایشیائی ملکوں کو جاتا ہے جبکہ 40 فیصد تیل یورپی ممالک خریدتے ہیں۔