مفتاح اسماعیل کو وزیر خزانہ بنائے جانے پر اسحاق ڈار ناراض ہو گئے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 28 اپریل 2018 12:33

مفتاح اسماعیل کو وزیر خزانہ بنائے جانے پر اسحاق ڈار ناراض ہو گئے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 اپریل 2018ء) : مفتاح اسماعیل کو وزیر خزانہ بنائے جانے پر اسحاق ڈار اپنی پارٹی سے ناراض ہو گئے۔ قومی اخبار میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ن لیگی شخصیت سے شکوہ رکتے ہوئے کہاکہ یہ میرے ساتھ زیادتی ہوئی ہے، مجھے فارغ کرنے کی سازش کی جا رہی ہے۔ اسحاق ڈار کو یقین دہانی کروائی گئی تھی کہ وزیر خزانہ ان کے علاوہ کسی اور کو نہیں بنایا جائے گا۔

وعدے کے مطابق وفاقی بجٹ رانا افضل یا ہارون اختر جان نے پیش کرنا تھا۔ اسحاق ڈار نے ن لیگ کی اہم ذمہ دار شخصیت سے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ مجھے فارغ کرنے کی سازش ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ شریف خاندان کی ایک شخصیت جو اسحاق ڈارسے نالاں تھی ، نے مفتاح اسماعیل کو وزیر خزانہ بنوانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

(جاری ہے)

مفتاح اسماعیل کے حوالے سے واضح طور پر اسحاق ڈار اپنے اختلافات کا اظہار کر چکے تھے لیکن شریف خاندان کی طرف سے انہیں خاموش رہنے کی ہدایت کی گئی تھی۔

ذرائع نے بتایا کہ ن لیگ کے بہت سے اراکین اسمبلی مفتاح اسماعیل کو وزیر خزانہ بنانے پر پارٹی قیادت سے نالاں ہیں اور اسی وجہ سے انہوں نے بجٹ اجلاس میں بھی شرکت نہیں کی۔ ن لیگی حلقے نے کہا ہے کہ مفتاح اسماعیل کو وزیر خزانہ بنا کر منتخب پارلیمنٹیرین کی نہ صرف توہین کی گئی بلکہ نواز شریف کے اس نعرے ، نظریے اور بیانیے کہ ووٹ کو عزت دو کی نفی کی گئی ہے۔ ذرائع نے مزید کہا کہ اسحاق ڈار اور ایک بڑا ناراض گروپ وقتی طور پر تو خاموش رہ سکتے ہیں لیکن آنے والے وقت میں وہ اس پر کھُل کر سامنے آ سکتے ہیں۔