کراچی ، 6 سالہ بچی کو دیرینہ دشمنی پر زیادتی کے بعد قتل کرنے والے باپ بیٹوں کو پولیس نے گرفتار کر لیا

ہفتہ 28 اپریل 2018 18:48

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2018ء) منگھوپیر تھانے کی حدود میں 6 سالہ بچی کو دیرینہ دشمنی پر زیادتی کے بعد قتل کرنے والے باپ بیٹوں کو پولیس نے گرفتار کر لیا ۔ یہ بات ایس ایس پی ویسٹ عمر شاہد حامد نے ہفتے کو اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ 15 اپریل 2018 کو ایک 6 سالہ بچی رابعہ دختر بقاء بلوچ محلہ اورنگی ٹاؤن سے اغواء کیا گیا ، جس کی لاش اگلے روز 16 اپریل کو منگھوپیر کے جنگل نزد نادرن بائی پاس سے ملی ۔

پولیس نے اس واقعہ کا مقدمہ درج کیا اور اسی روز دو ملزمان فضل محمد اور رحیم کو گرفتار کیا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش میں ملزم فضل محمد نے انکشاف کیا کہ فقیر محمد کی ایماء پر ملزم نے اپنے بیٹوں کے ہمراہ بچی کو اغواء کیا اور ہوس کا نشانہ بنا کر بچی کو پھندا لگا کر قتل کر دیا اور اس کی لاش نادرن بائی پاس کے قریب جنگل میں پھینک دی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ تفتیشی ٹیم کی کوششوں سے دیگر ملزمان فقیر محمد اور مہر علی کو گرفتار کیا گیا ۔ ایس ایس پی نے بتایا کہ کیس کے ماسٹر مائنڈ فقیر محمد نے انکشاف کیا کہ ہے کہ قتل اس نے دیرینہ دشمنی بنا پر کرایا ۔ ملزمان اور مقتولہ بچی کے ڈی این اے کے نمونے جامشورو یونیورسٹی بھیج دیئے گئے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ ڈی آئی جی نے پولیس ٹیم کے لیے تعریفی اسناد اور نقد انعام کا اعلان کیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :