شب برات میں قبرستانوں میں اسٹریٹ لائٹس لگانے کا کام بلاتاخیر شروع کیا جائے ،میئر سکھر

ہفتہ 28 اپریل 2018 19:08

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2018ء) میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے الیکٹریکل و انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ کو ہدایت کی ہے کہ شب برأت کی مناسبت سے مساجد، امام بارگاہوں اور قبرستانوں میں اسٹریٹ لائٹس لگانے ، خراب ہونے والی لائٹس کی تبدیلی اور روشنی کا مناسب بندوبست کرنے کے لئے بلا تاخیر کام شروع کردیا جائے جبکہ صفائی ستھرائی اور کچرا ٹھکانے لگانے کا کام بھی ہنگامی بنیادوں پر کیا جائے۔

انہوں نے الیکٹریکل انجینئر ، چیف سینیٹری انسپکٹرز اور تمام سینیٹری انسپکٹر کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ صفائی پر پوری توجہ دیں تاکہ شب برأت میں رات کو جانیوالے شہریوں / زائرین کو دشواری لا حق نہ ہو۔ دریں اثناء الیکٹریکل انجینئر فیاض میمن نے بتایا ہے کہ ایسی تمام جگہوں پر روشنی کے لئے خصوصی انتظامات کئے جارہے ہیں جبکہ بلدیہ کی عمارات پر چراغاں بھی ہوگا، فائر آفیسر حاجی اسلام شیخ نے سبلیوں کو پانی پہچانے کا انتظام کرلیا ہے جبکہ متعلقہ افسران کو قبرستانوں ، مساجد ، امام بارگاہوں کے منتظمین کو انتظامیہ سے رابطہ اور تعاون کی ہدایت کی گئی ہے ، ڈپٹی میئر طارق چوہان نے اس سلسلے میں چیف سینیٹری انسپکٹر صغیر احمد راجپوت کو صفائی ستھرائی اور کچرا اٹھانے کے بہتر انتظامات کی تاکید کی ہے اس سلسلے میں تمام ضروری وسائل فراہم کئے جارہے ہیں ۔

(جاری ہے)

محکمہ انسداد تجاوزات کے افسران منظر ضیاء زیدی اور اشفاق انصاری کو بھی کہا گیا ہے کہ وہ قبرستانوں ، مساجد اور امام بارگاہوں کے آس پاس سے تجاوزات ختم کردیں تاکہ زائرین کو آمد و رفت میں کسی قسم کی دشواری لاحق نہ ہو۔

متعلقہ عنوان :