پروین شاکر لیڈیز کلب کے زیراہتمام محفل مشاعرہ کا انعقاد

ہفتہ 28 اپریل 2018 20:26

فیصل آباد۔28 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2018ء) ڈپٹی کمشنر سلمان غنی کی ہدایت پرپروین شاکر لیڈیز کلب کے زیراہتمام خواتین کے لئے محفل مشاعرہ پروین شاکر کمپلیکس لیڈیز باغ میں منعقد ہواجس میں ڈپٹی کمشنر سلمان غنی کی اہلیہ مہمان خصوصی تھیں جبکہ محفل مشاعرہ کی صدارت معروف شاعرہ یاسمین حمید نے کی ۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سلمان غنی،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل)خالد مسعود فروکہ،ایڈمن آفیسر ریاض حسین انجم،ڈائریکٹر آرٹس کونسل صوفیہ بیدار،انچارج شعبہ فائن آرٹس جی سی یونیورسٹی تہمینہ افضل،شہزاد بیگ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین اس موقع پر موجود تھیں۔

محفل مشاعرہ کی نظامت ڈاکٹر ہاجرا تبسم نے کی جبکہ ممتاز خواتین شعراء ڈاکٹر سعیدہ رشم،صفیہ حیات،رخشندہ نوین،عنبرین اشعر،طاہرہ سرا،سعدیہ صفدر سعدی،مسرت جبیں،عظمیٰ نقوی،ثمینہ رئیس،گلفام نقوی ودیگر نے خوبصورت کلام پیش کیا اور حاضرین سے خوب داد وصول کی۔

(جاری ہے)

بیگم ڈپٹی کمشنر/صدر مینجمنٹ کمیٹی پروین شاکر لیڈیز کلب نے خواتین شعراء کی سخن وری کو سراہتے ہوئے کہا کہ علم وادب میں خواتین کو نمایاں اورممتاز مقام حاصل ہے اور وہ شعر وسخن کے ساتھ ساتھ ادب کی دیگر اصناف میں گرانقدر خدمات انجام دے رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کی سماجی وادبی ترقی کے لئے پروین شاکر لیڈیز کلب میں خاطر خواہ سہولیات موجود ہیں جن سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔ڈپٹی کمشنر سلمان غنی نے کہا کہ پروین شاکر کمپلیکس میں خواتین شعراء کے مشاعرے کے انعقاد کا مقصد سماجی شعبے کی سرگرمیوں کیلئے خواتین کی توجہ دلانا ہے تاکہ وہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں پروین شاکر لیڈیز کلب کا رخ کریں۔

متعلقہ عنوان :