ریحان ہاشمی کا جمال احمد کے ہمراہ سخی حسن قبرستان کا دورہ

ہفتہ 28 اپریل 2018 23:02

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2018ء) چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی نے رکن صوبائی اسمبلی جمال احمد کے ہمراہ شب برات کے حوالے سخی حسن قبرستان کا دورہ کیا ۔ صفا ئی ستھرائی، روشنی کے انتظامات اور خار دار جھاڑیوں کی چھٹائی کے کام کا معائنہ کیا۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی نے شب برات کی آمد سے قبل قبرستانوں میں شہریوں کو سہولیات کی فراہمی کے لئے تمام دستیاب وسائل کو برئوے کار لاتے ہوئے ضلع وسطی میں قائم قبرستانوں میں صفائی ستھرائی اور روشنی کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لئے رکن صوبائی اسمبلی جمال احمد کے ہمراہ ضلع وسطی کے مختلف قبرستانوں کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ضلع وسطی میں تقریبا 15 بڑے قبرستان موجود ہیں جن میں صفائی ستھرائی اور جھاڑیوں کی کٹائی و چھٹائی کا کام مکمل ہوچکا ہے جبکہ روشنی کے انتظامات کے لئے کئی لاکھ رننگ فٹ وائر بچھایا جا رہا ہے جس میں کم از کم 22ہزار سیور لگائے جائیں گے اس کے علاوہ ہر قبرستان میں ایس این ایف لائٹیں بھی نصب کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں مزید کہا کہ کئی قبرستانوں میں سیوریج کے مسائل بھی تھے جنھیں حل کروا دیا گیا جبکہ قبرستان آنے والے راستوں پر سڑکوں کی مرمت اور پیج ورک کا کام جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ شب برات کے موقع پر مسلمانوں کی بڑی تعداد اپنے پیاروں کی قبروں پر فاتحہ خوانی کے لئے آتے ہیں اس موقع پر پارکنگ کے مسائل بھی جنم لیتے ہیں جس کے لئے بلدیہ وسطی قبرستانوں کے اطراف پارکنگ ایریا بنا رہی ہے جبکہ قبرستانوں کے اطراف استقبالیہ کیمپ بھی لگائیں جائیں گے جہاں زائرین کو پینے کا پانی پھولوں کی پتیاں اور طبی سہولیات بھی مہیا کی جائے گی جبکہ قبروں پر پانی ڈالنے کے لئے ڈی ایم سی کے بائوزر کے ذریعے قبرستان میں موجود ٹینک پانی ڈالا جائیگا۔

اس موقع پر چیئرمین ریحان ہاشمی نے ڈائریکٹر سینی ٹیشن کو ہدایت کی کہ شب برات سے قبل قبرستانوں کے اطراف کتا مار مہم چلائی جائے تاکہ آوارہ کتوں سے نجات مل سکے۔اس موقع پر انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بلدیہ وسطی کی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں اور اپنی گاڑیوں کو قبرستان کے اندر لے جانے کے بجائے مختص کردہ پارکنگ میں کھڑی کریں عوام کا تعاون بلدیہ وسطی کی کامیابی کی دلیل ہے ۔