میری نظر میں رنبیر سے زیادہ بہتر اور کوئی اداکار نہیں‘کرینہ کپور

’’سنجو‘‘ میں رنبیر کپور اداکار سنجے دت کا کردار ادا کرتے نظر آئیں گے، فلم 29جون کو ریلیز ہو گی

اتوار 29 اپریل 2018 11:10

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2018ء) بالی ووڈ کے چاکلیٹی ہیرو رنبیر کپور جو ان دنوں اپنی فلم ’’براہمسترا‘‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، وہیں ان کی آنے والی بائیوگرافی فلم ’سنجو‘ کے ٹیزر نے تہلکہ مچا رکھا ہے۔’’سنجو‘‘ میں رنبیر کپور اداکار سنجے دت کا کردار ادا کرتے نظر آئیں گے، جس میں دیا مرزا ان کی اہلیہ کے روپ میں نظر آئیں گی۔

اس فلم میں انوشکا شرما اور منیشا کوئرالہ سمیت دیگر کئی اداکارائیں بھی جلوے دکھاتی نظر آئیں گی۔’سنجو‘ کا پہلا ٹیزر ٹریلر رواں ماہ 24 اپریل کو جاری کیا گیا تھا، جسے اب تک 3 کروڑ 68 لاکھ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے۔ پہلے ٹیزر کے آتے ہی لوگوں نے رنبیر کپور کی اداکاری کی تعریفیں کرنا شروع کردی تھیں۔’سنجو‘ میں بہترین اداکاری دکھانے پر اپنے کزن رنبیر کپور کی تعریف کرتے ہوئے بولی وڈ کے بے بو کرینہ کپور نے انہیں سب سے بہترین اداکار قرار دے دیا۔

(جاری ہے)

ڈی این اے انڈیا کے مطابق دارالحکومت میں ایک تقریب کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کرینہ کپور نے کہا کہ انہیں نہیں لگتا کہ ’سنجو‘ میں رنبیر کپور کی جگہ کوئی اور اداکار اتنے بہترین انداز میں کام کرسکتا۔چھوٹے خان سیف علی خان کی اہلیہ نے اپنے کزن کی اداکاری کی تعریف کرتے ہوئے صاف الفاظ میں کہا کہ ’سنجو‘ میں سنجے دت کا کردار ادا کرنے کے لیے رنبیر کپور سے بہتر کوئی اور اداکار کردار ادا نہیں کرپاتا۔

کرینہ کپور اس سے قبل بھی رنبیر کپور کی اداکاری کو سراہتے ہوئے ان کے ساتھ فلم میں کام کرنے کی خواہش کا اظہار کر چکی ہیں۔اگرچہ دونوں اداکار کزن ہیں، تاہم انہوں نے آج تک ایک ساتھ کسی فلم میں کام نہیں کیا۔کرینہ کپور کی خواہش ہے کہ اگر انہیں اپنی بہن کرشمہ کپور کے ساتھ فلم میں کام کرنے کا موقع نہیں ملتا تو کم سے کم انہیں چاکلیٹی ہیرو رنبیر کے ساتھ کام کرنے کا موقع ضرور ملے۔تاہم تاحال ان دونوں کے اکٹھے کام کرنے کے حوالے سے کوئی امکانات دکھائی نہیں دیتے۔خیال رہے کہ ’سنجو‘ کو رواں برس 29 جون کو ریلیز کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :