دودھ کے پیداواری مقابلوں کے کامیاب مویشی پال حضرات میں ڈیڑھ لاکھ روپے کے انعامات تقسیم

اتوار 29 اپریل 2018 15:00

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2018ء) لائیوسٹاک وڈیری ڈویلپمنٹ پنجاب نے دودھ کے پیداواری مقابلوں کے کامیاب مویشی پال حضرات میں ڈیڑھ لاکھ روپے کے انعامات تقسیم کر دیئے ڈائریکٹر لائیوسٹاک و ڈیری ڈیویلپمنٹ راولپنڈی ڈویژن ڈاکٹر شاہدسجاد اصغر نے اے پی پی کو بتایاکہ دودھ کے پیداواری مقابلے ضلع جہلم کے گائوں موناں میں منعقد کروائے گئے تھے ۔

(جاری ہے)

مقابلے میں علاقے کے 50 مویشی پال حضرات نے مقابلے میں شرکت کی۔اس موقع پر مویشی پال حضرات کی حوصلہ افزائی کے لیے زیادہ دودھ دینے والے جانوروں کے مالکان میں نقد انعامات تقسیم کئے گئے ۔75ہزار روپے کا پہلا انعام 12گھنٹے میں15.250لیٹر دودھ دینے والی بھینس کے مالک چوہدری اکرم نے حاصل کیا ، 50ہزار روپے کا دوسرا انعام 14.120لیڑدودھ دینے والی بھینس کے مالک چوہدری افتخار باگری نے حاصل کیا جبکہ تیسرا انعام 12.28لیٹر دودھ دینے والی بھینس کے مالک محمد رمضان نے 25ہزار روپے حاصل کیا ۔