حکومت این ٹی ایس پاس امیدواروں کی تعیناتی کیلئے فوری طور پر اقدامات کرے ،این ٹی ایس یوتھ ایکشن کمیٹی

اتوار اپریل 20:10

قلعہ سیف اللہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 اپریل2018ء) این ٹی ایس یوتھ ایکشن کمیٹی کے رہنمائوں نے کہا کہ حکومت این ٹی ایس پاس امیدواروں کی تعیناتی کیلئے فوری طور پر اقدامات کرے ، این ٹی پاس امیدواران اپنے حقوق کے حصول احتجاج جاری رکھیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار این ٹی ایس یوتھ ایکشن کمیٹی کے نائب صدر مولوی اخترمحمد شاہیزئی ، جنرل سیکرٹری مولوی ابراھیم جوگیزئی ، مولوی محمد حسن محمدآصف اور دیگر نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

این ٹی ایس پاس امیدواران نے پورے صوبے میں گزشتہ 2ماہ سے احتجاج اور پریس کلبز کے سامنے احتجاجی مظاہروں کے علاوہ مختلف اضلاع سمیت کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی کیمپ قائم کیا اس کے لئے اسمبلی فلور پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے دی گئی اس کمیٹی نے بھی این ٹی ایس پاس امیدواروں کے حق میں فیصلہ دے دیا لیکن بد قسمتی سے ہمارے مطالبات کو ابھی تک تسلیم نہیں کیا گیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم ڈی آر سی اور سی آر سی کے تحت تعیناتی کو مسترد کرتے ہیں اور یونین کونسل کے سطح پر این ٹی ایس کے ذریعے امیدواروں کی تعیناتی عمل میں لائی جائے محکمہ تعلیم میں 8ہزار 3سو آسامیاں خالی ہے لیکن ایک سازش کے تحت اس پر تعیناتی نہیں کی جارہی ہے جو قابل مذمت ہے انہوں نے وزیر اعلی صوبائی محتسب چیف جسٹس نیب ایف آئی اے اور دیگر متعلقہ اعلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ این ٹی ایس پاس امیدواروں کی محکمہ تعلیم میں تعیناتی جلد ازجلد عمل میں لائی جائیں بصورت دیگر قانونی چارہ جوئی کے ساتھ ساتھ وزیر اعلیٰ ہائوس اور اسمبلی کے سامنے بھوک ہڑتال اور دھرنا دینگے اور پورا بلوچستان میں احتجاج کیا جائے گا ۔