ماں اور بچے کی صحت کا مربوط پروگرام کے زیراہتمام سیمینار کا انعقاد

اتوار 29 اپریل 2018 21:10

خانیوال۔ 29اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2018ء) ہفتہ غذائیت 30 اپریل تا 05 مئی2018 کے سلسلہ میں ڈی ایچ ڈی سی ہال خانیوال میں ماں اور بچے کی صحت کا مربوط پروگرام کے زیراہتمام سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرجنرل آغا ظہیر عباس شیرازی ، سی ای اوہیلتھ ڈاکٹر محمد ارشد ملک، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرڈاکٹر سمیرا ، ڈاکٹر محمد ابرار اقبال پروگرام ڈائریکٹر ڈی ایچ ڈی سی اور ڈاکٹر محمد شہزاد سرور ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر IRMNCH&NP خانیوال،ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز، میڈیا نما ئندگان اور سول سوسائٹی کے افراد نے کثیرتعداد میںشرکت کی۔

ڈاکٹر محمد شہزاد سرور نے بتایا کہ محکمہ صحت کی طرف سے ضلع بھرمیں ماں اور بچے کی غزائی قلت کو پورا کرنے کا ہفتہ 30 اپریل تا 05 مئی منعقد کیا جارہا ہے، اس دوران 61 فکس ٹیمیں اور 226 موبائل ٹیمیں شہر اور انکے گردونواح میں موجود کچی آبادی ،بھٹہ جات، جھگیوں کے 480968 بچوں اور دودھ پلانے والی اور حاملہ خواتین کو سکرینگ کے عمل سے گزار کے ان میں سے غذائی قلت کے شکار بچوں میں غذائی کمی کو پورا کرنے کے لئے MMS/RUTF اور خواتین کے لئے فولاد کی گولیاں تقسیم کرینگے۔

(جاری ہے)

سی ای اوہیلتھ ڈاکٹر محمد ارشد ملک نے پریس بریفنگ میں بتایا کہ یہ ہفتہ غذائیت غریب اور کم آمدانی والے گھرانوں کی غذائی کمی اور صحت کی سہولیات کیلئے انتہائی مفید ثابت ہو گا اور اس میں پورا محکمہ بھرپور شرکت کرے گا۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر سمیرا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس ہفتہ غذائیت کے دوران نو عمر (Adolesent) بچیاں جو کہ خون کی کمی کا شکار ہیں ان کو خصوصی طور پر پیٹ کے کیڑوں سے بچائو اور فولاد کی گولیاں فراہم کی جائیں گی۔

مہمان خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرجنرل آغا ظہیر عباس شیرازی نے شرکاء کو بتایا کہ غذائیت کا ہفتہ حکومت پنجاب کی جانب سے غذائی قلت کو پورا کرنے کیلئے ایک بہترین اقدام ہے، جس میں "ماں اور بچے کی بہتر غذا ، صحت مند معاشرے کی ابتدا" کے مقصد کے تحت غذائی کمی اور صحت کی سہولیات کو گھر گھر پہنچانے کیلئے ہر طرح کی مدد فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔