امریکانے بحرین کو ہیلی کاپٹروں اور ہتھیاروں کی فروخت کی منظوری دے دی

دفاعی امداد سے امریکا کے خطے میں ایک غیر نیٹو اہم اتحادی ملک کی سکیورٹی میں بھی بہتری آئے گی

پیر 30 اپریل 2018 13:00

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2018ء) امریکا کے محکمہ خارجہ نے بحرین کو 91 کروڑ 14 لاکھ ڈالرز مالیت کے ہیلی کاپٹروں اور ہتھیاروں کی فروخت کی منظوری دے دی ہے۔

(جاری ہے)

میڈیارپورٹس کے مطابق امریکا کی دفاعی سکیورٹی تعاون ایجنسی کے ایک بیان میں کہاکہ اس سودے کے تحت بحرین کو 12 اے ایچ 1 زیڈ لڑاکا ہیلی کاپٹر ، 26 انجن ، مختلف اقسام کے دسیوں میزائل اور راکٹ ،میزائل پلاننگ ، کمیونیکیشنز آلات اور الیکٹرانک وار فیئر سسٹمز فروخت کیے جائیں گے۔

ایجنسی کی ویب سائٹ پر جاری کردہ بیان میں مزید کہا گیا کہ ان ہتھیاروں اور فوجی سازوسامان کی فروخت سے امریکا کی خارجہ پالیسی اور قومی سلامتی کو تقویت ملے گی۔ اس دفاعی امداد سے امریکا کے خطے میں ایک غیر نیٹو اہم اتحادی ملک کی سکیورٹی میں بھی بہتری آئے گی ۔اس سودے کے تحت امریکا بحرین کے فوجیوں کو تربیت اور تربیتی آلات بھی دے گا۔امریکی حکومت اس ننھی خلیجی ریاست کو انجنیئرنگ ،ٹیکنیکل اور لاجسٹکس خدمات بھی مہیا کرے گی۔

متعلقہ عنوان :