زمینوں کے ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن کے بقیہ کام کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت

پیر 30 اپریل 2018 15:10

فیصل آباد۔30 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2018ء) فیصل ۱ٓباد میں زمینوں کے ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن کے بقیہ کام کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضلع کے ریونیو افسران مختلف مدات میں سرکاری بقایا جات کی وصولی کی رفتار کو مزید تیز کریں اور مقررہ اہداف کے حصول میں کوئی کمی نہیں ہونی چاہیے۔یہ بات ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شاہد نے محکمہ مال کے افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میںاسسٹنٹ کمشنرز،تحصیلدار،نائب تحصیلدار،اراضی ریکارڈ سنٹر کے انچارجزاوردیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

صدر اجلاس نے لینڈریونیو،واٹر ریٹ،زرعی انکم ٹیکس،کیپٹل ویلیو ٹیکس اوردیگر مدات میں واجبات کی وصولیوں کاجائزہ لیا اور ہدایت کی کہ سرکاری واجبات کی وصولی کی روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ مرتب کی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ زیرالتواء انکوائریز کوبھی تیز رفتاری سے نمٹائیں اورکارکردگی واضح نظر آنی چاہیے۔انہوں نے ریونیوریکارڈ کے تمام معاملات کو شفاف اوردرست رکھنے کی تاکید کی اور کہا کہ نچلی سطح پر ریونیو سٹاف کی کارکردگی پر گہری نظر رکھی جائے۔

انہوں نے زمینوں کے ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن کے بقیہ کام کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ اس ضمن میں درپیش مسائل کو حل کرنے کیلئے مئوثر حکمت عملی اختیار کی جائے۔انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری فرائض کی انجام دہی میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور محکمہ مال کے کام چورافسران وسٹاف کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی ہوگی۔اجلاس کے دوران ریونیو افسران نے مختلف مدات میں واجبات کی وصولی کی پیشرفت سے آگاہ کیا۔

متعلقہ عنوان :