ملک میں کھیلوں کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں،جان شیر خان

انٹرنیشنل سطح پر نتائج حاصل کرنے کیلئے کھلاڑیوں کی فزیکل فٹنس اور خوراک پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے، سابق عالمی چیمپئن

پیر 30 اپریل 2018 18:40

ملک میں کھیلوں کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں،جان شیر خان
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2018ء) سابق عالمی چیمپئن سکواش جان شیرخان نے کہا کہ ملک میں کھیلوں کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں بلکہ انٹرنیشنل سطح پر نتائج حاصل کرنے کے لئے کھلاڑیوں کی فزیکل فٹنس اور خوراک پر زیادہ سے زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے، گزشتہ روز میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ گذشتہ دنوں آسٹریلیا میں کھیلی گئی کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان نے دس کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ لیا جن میں اتھلیٹکس، بیڈمنٹن، باکسنگ، سکواش،شوٹنگ، ریسلنگ، ٹیبل ٹینس، ہاکی،ویٹ لیفٹنگ،سوئمنگ شامل ہیں جن میں سے ویٹ لیفٹنگ اور ریسلنگ کے کھلاڑیوں نے شاندارکارگردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سونے اور کانسی کے تمغے حاصل کئے،انہوں نے کہا کہ ہمارے کھلاڑیوں میں یورپین کھلاڑیوں کے مقابلوں میں فٹنس نہیں تھی، اگر کھلاڑیوں میں فزیکل فٹنس ہوتی تو مزید میڈلز لائے جا سکتے تھے،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت کھلاڑیوں کے پر کروڑوں روپے خرچ کر رہی ہے اور کھلاڑیوں کو بھی چاہئے کہ وہ دل لگا کر تربیتی کیمپ میں محنت کریں، انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل سطح پر نتائج حاصل کرنے کے لئے پاکستان سپورٹس بورڈ کھلاڑیوں کی فزیکل فٹنس اور خوراک پر زیادہ سے زیادہ توجہ دے اور حکومت اس شعبے میں بہتری لانے کے لئے فزیکل فٹنس اورخوراک کے ماہرین پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دے تاکہ ان مسائل پر قابو پا کر بہتر نتائج حاصل کر سکیں، انہوں نے کہا کہ اگر ایک مکان کی بنیاد ہی کمزور ہوگی تو اس پردیواریں اور چھت کیسے کھڑی رہ سکتی ہیں،بارہ دفعہ کے عالمی چیمپئن جان شیر خان نے کہا کہ ہمیں کھیلوں کی بنیادوں کو مضبوط کرنا ہوگا اور کھلاڑیوں کی فزیکل فٹنس پر گراس روٹ سطح پر محنت کی بہت ضرورت ہے، ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر کھیلوں میں عہدیدار، کوچزاور کھلاڑی ایمانداری اور دیانتداری سے کام کریں تو یہ بھی ایک خدمت خلق ہے، انہوں نے کہا کہ ٹیموں کی سلیکشن میں پرچی کلچر کو ختم کرنا چاہئے،ایک سوال کے جواب میں سابق قومی ہیرو جان شیر خان نے کہا کہ کھیلوں کی تنظیموں کے لئے ایک موقع ہے کہ آئندہ ماہ سکول اور کالجز میں گرمیوں کی چھٹیوں میں کھیلوں کے تربیتی کیمپوں کا انعقاد کریں تاکہ گراس روٹ سطح پر نئے چہرے سامنے آسکیں اوران نئے چہروں کو جونئیر کھلاڑیوں کے تربیتی کیمپوں میں شامل کرکے تربیت دی جائے، کھیلوں کے فروغ کے لئے تعلیمی اداروں کے کردار کے حوالے سے انہو ں نے کہا کہ ملک میں کھیلوں کی ترقی کے لئے تعلیمی ادارے اہم کردار ادا کرسکتے ہیں جوکہ نہ ہونے کے برابر ہے اور حکومت تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے مقابلوں کو یقینی بنائے۔

متعلقہ عنوان :