ایمریٹس کے مسافروں نے دوران سفر وائی فائی کے استعمال کا نیا ریکارڈ قائم کردیا

صرف مارچ میں ایک ملین سے زائد مسافروں نے دوران پرواز وائی فائی کنکشنز سے رسائی حاصل کی

منگل 1 مئی 2018 16:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2018ء) ایمریٹس نے مارچ میں دوران پروا ز ایک ملین سے زائد مسافروں کو وائی فائی کنکشنز فراہم کرنے کا نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ اس ماہ ایمریٹس میں سفر کرنے والے 10 لاکھ 37 ہزار 16 مسافر پرواز کے دوران انٹرنیٹ کی سروس سے منسلک ہوئے۔ تقریبا 94 فیصد مسافروں نے اپنے وائی فائی کنکشنز کو اسمارٹ فون کے ساتھ کنیکٹ کیا، ان میں اینڈرائڈ فون کے مقابلے میں تقریبا دو گنے آئی او ایس موبائل فونز تھے اور تقریبا 2 فیصد ٹیبلٹ تھے۔

باقی وائی فائی کنکشنز ایمریٹس کے مسافروں نے لیپ ٹاپس اور دیگر ڈیوائسز سے کنیکٹ کئے۔ ایمریٹس کے بیڑے میں شامل 98 فیصد سے زائد جہازوں میں وائی فائی کنکٹویٹی دستیاب ہے ۔ اس بیڑے میں تمام A380 طیارے، 777-300 ای آر طیارے اور 777-200 ایل آر طیارے شامل ہیں۔

(جاری ہے)

تمام کیبنوں کے مسافر 20MBکا مفت ڈیٹا وصول کرتے ہیں۔ ایمریٹس اسکائی وارڈز کے اراکین اپنی ممبرشپ ٹیئر اور کلاس کی بنیاد پر خصوصی سہولیات سے لطف اندوز ہوتے ہیں اور جب وہ فرسٹ کلاس یا بزنس کلاس میں سفر کرتے ہیں تو مفت وائی فائی استعمال کرتے ہیں۔

تقریبا 94 فیصد مسافر دوران سفر وائی فائی سے کنیکٹ ہوئے اور بغیر کسی ادائیگی کے اس سروس کا فائدہ اٹھایا۔ سب سے زیادہ ڈیٹا استعمال کرنے کا ریکارڈ ایمریٹس اسکائی وارڈ کے ایک ممبر کی جانب سے قائم کیا گیا۔ وہ ممبر دبئی سے جوہانسبرگ جانے والی پرواز کے دوران مکمل طور پر کنیکٹ رہا اور اس دوران 4.9GBکا اعزازی ڈیٹا استعمال کیا۔ ایمریٹس اپنے فضائی بیڑے میں کنکٹویٹی کی سہولیات کو اپ گریڈ کرنے اور بینڈ وتھ بڑھانے کے لئے مسلسل سرمایہ کاری کررہا ہے۔

مسلسل کنیکٹڈ رہنا اب نہایت ضروری ہوگیا ہے اور ہر مہینہ گزرنے کے ساتھ ایمریٹس کے سفر کے دوران مسافروں کی جانب سے وائی فائی کی طلب میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ سب سے زیادہ جس روٹ پر مسافروں نے وائی فائی استعمال کیا وہ دبئی سے لاس انجیلس جانے والا روٹ تھا جس میں 6 ہزار سے زائد مسافر وائی فائی سے کنیکٹ ہوئے۔ ایمریٹس اپنے طیاروں میں دوران سفر جدت کے ساتھ کنکٹویٹی اور انفلائٹ انٹرٹینمنٹ لانے میں پیش پیش رہا ہے۔

یہ پہلی ایئرلائن ہے جس نے 2008 میں دوران پرواز موبائل فون کے استعمال کی اجازت دی اور یہ پہلی ایئرلائن ہے جس نے 1992 میں اپنے بیڑے کے ہر طیارے میں ہر سیٹ کے ساتھ ٹی وی اسکرین نصب کی تھی۔ آج یہ ایئرلائن آسمان کی بلندیوں میں جامع انداز سے جدید ترین انٹرٹینمنٹ اور کنکٹویٹی سروسز فراہم کرتی ہے۔ ایمریٹس کا ایوارڈ یافتہ انفلائٹ انٹرٹینمنٹ سسٹم آئس (ice) 3500 سے زائد انٹرٹینمنٹ چینلز کے ساتھ دنیا بھر کی 700 موویز کی سہولت بھی فراہم کرتا ہے۔ اس مختلف اقسام کے مواد بڑھانے کا سلسلہ جاری رہے گا اور وقت کے ساتھ ایمریٹس کے مسافروں کے لئے انتخاب کی سہولیات مزید بڑھ جائیں گی۔