شہر کی تمام سڑکوں کو پختہ ، کے ایف ڈبلیو کے تحت تمام بوسیدہ پائپ لائنوں کو تبدیل کیا جائے گا، اکبر ایوب خان

بدھ 2 مئی 2018 12:57

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2018ء) صوبائی مشیر مواصلات اکبر ایوب خان نے کہا ہے کہ بحیثیت رکن صوبائی اسمبلی سب سے پہلے شہر کی تمام سڑکوں کو پختہ کیا، کے ایف ڈبلیو کے تحت تمام بوسیدہ پائپ لائنوں کو تبدیل کیا جائے گا، مختلف پختہ سڑکوں اور پلوں کے ذریعہ شہر سے مواضعات کو منسلک کر دیا ہے، سٹی ہری پور کی خوبصورتی کیلئے 20 کروڑ روپے کی فنڈنگ منظور کی ہے، اپنے ساڑھے چار سالہ دور اقتدار میں اس حلقہ کو اربوں کے میگا پراجیکٹس دیئے جس سے 50 سال تک لوگ مستفید ہوں گے۔

ان خیالات اظہار صوبائی مشیر مواصلات اکبر ایوب خان نے کمیونٹی سنٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر تحصیل ممبر علیم پاشا، ڈاکٹر وحید الرحمن، ارشد محمود، قدیر خان، ندیم بھائی اور معززین شہر موجود تھے۔

(جاری ہے)

امجد چغتائی نے کروڑوں کے ترقیاتی کاموں اور شہر کا نقشہ تبدیل کرنے پر خان برادران کا شکریہ ادا کیا۔ سٹی ناظم عطاء الرحمن نے کہا کہ ضلع ہری پور کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اربوں کے ترقیاتی کام کروانے کا تمام تر سہرا اکبر ایوب خان اور یوسف ایوب کو جاتا ہے۔

اکبر ایوب خان نے کہا کہ پی کے 50 سکولوں، کالجوں، ہسپتالوں، سڑکوں اور پلوں کے جال بچھا دیئے ہیں، حطار صنعتی زون کی توسیع سے لاکھوں افراد کو روزگار ملے گا، تحریک انصاف کے پلیٹ فارم سے الیکشن 2013ء کے دوران جتنے انتخابی وعدے کئے وہ ایفا کر دیئے ہیں، اس حلقہ کو تبدیل کرنے کا جو نعرہ لگایا تھا آج اس تبدیلی کو محسوس کیا جا رہا ہے، یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی اور ہری پور بائی پاس جیسے منصوبے اس ضلع کی تقدیر بدلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں تحریک انصاف ضلع سمیت خیبر پختونخوا اور مرکز میں کامیابی حاصل کریں گی۔