ملک کے ممتاز سیاسی و مذہبی رہنما مولانا عبدالستارنیازی کی برسی بدھ کو منائی گئی

بدھ 2 مئی 2018 16:00

فیصل آباد۔2 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2018ء) ملک کے ممتاز سیاسی و مذہبی رہنما ، معروف پارلیمنٹیرین اور جمعیت علماء پاکستان کے سابق سربراہ مولانا عبدالستار خان نیازی جو یکم اکتوبر 1915ء کو عیسیٰ خیل میانوالی میں پیداہوکر 2مئی 2001ء کو 86برس کی عمر میں اس دار فانی سے کوچ کرگئے تھے کی17ویں برسی بدھ کو منائی گئی۔ اس موقع پر جمعیت علمائے پاکستان سمیت کئی دیگر سیاسی ، مذہبی ، دینی تنظیموں کے زیر اہتمام خصوصی تعزیتی تقریبات ، کانفرنسز ، سیمینارز ، مذاکروں ، مباحثوں کا انعقاد کیا گیا جس میں لحد سے مہد تک مولانا عبدالستار نیازی کی قومی ، ملکی ، ملی، سماجی، سیاسی ، دینی خدمات کو شاندار الفاظ میںخراج عقیدت پیش کیا گیا ۔

مولانا عبدالستار خان نیازی نے اپنی مذہبی تعلیم لاہور سے حاصل کی اور گورنمنٹ اسلامیہ کالج لاہور سے ماسٹر ڈگری نمایاں پوزیشن کے ساتھ حاصل کرنے کا اعزاز بھی اپنایا ۔

(جاری ہے)

وہ 1938ء میں مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن پنجاب کے صدر منتخب ہوئے اور تحریک پاکستان سے تکمیل پاکستا ن تک کی جدو جہد میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ وہ 1973ء سے 1989ء تک جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور 1989ء میں جی یو پی کے مرکزی صدر منتخب ہوئے۔

مولانا 1988ء اور 1990ء کے انتخابات میں دو مرتبہ ممبر قومی اسمبلی منتخب ہونے کے علاوہ 1994ء میں 6سالہ مدت کیلئے سینیٹر رہنے کا اعزازبھی رکھتے ہیں۔ مولانا ستار نیازی نے شادی نہیں کی تھی۔ وہ 2مئی 2001ء کو مختصر علالت کے بعد اپنے خالق حقیقی سے جا ملے ۔ مرحوم کی برسی کے موقع پر الیکٹرانک میڈیا نے خصوصی پروگرامات نشر جبکہ پرنٹ میڈیا نے بھی خاص مضامین کی اشاعتوں کا اہتمام کیا۔