بھارتی کرکٹ ٹیم نے آسٹریلیا میں نائٹ ٹیسٹ کھیلنے سے انکار کردیا

کھلاڑی فی الحال پنک بال کے ساتھ فلڈ لائٹس میں طویل فارمیٹ کا میچ کھیلنے کو تیار نہیں ہیں،ہیڈ کوچ روی شاستری

بدھ 2 مئی 2018 18:27

بھارتی کرکٹ ٹیم نے آسٹریلیا میں نائٹ ٹیسٹ کھیلنے سے انکار کردیا
ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 02 مئی2018ء) بھارتی کرکٹ ٹیم نے آسٹریلیا میں نائٹ ٹیسٹ کھیلنے سے انکار کردیا۔بھارتی کر کٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ روی شاستری نے کہا ہے کہ کھلاڑی فی الحال پنک بال کے ساتھ فلڈ لائٹس میں طویل فارمیٹ کا میچ کھیلنے کو تیار نہیں ہیں۔کمیٹی آف ایڈمنسٹریٹرز کے ایک ممبر کا کہنا ہے کہ ہم نے گذشتہ ماہ روی شاستری سے اس معاملے پر بات کی تھی تاہم ان کا واضح طور پر کہنا تھا کہ انھوں نے اس معاملے میں ٹیم سے بات کی ہے مگر وہ فی الحال پنک بال کی کرکٹ کیلیے تیار نہیں ہیں، اس لیے ایڈیلیڈ میں ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلنے کا تو سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

یاد رہے کہ ایک روز قبل ہی کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے اپنے ہوم سیزن کا شیڈول جاری کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

جس میں بھارت کے ساتھ ایڈیلیڈ ٹیسٹ کے اوقات کا تعین نہیں کیا گیا، اس بارے میں کرکٹ آسٹریلیا کا کہنا تھا کہ وہ بھارت کیساتھ نائٹ ٹیسٹ کے حوالے سے بدستور رابطے میں ہیں۔دوسری جانب بھارتی ٹیم سمجھتی ہے کہ آسٹریلوی ٹیم میں اسمتھ اور وارنر کی عدم موجودگی کی وجہ سے ان کے پاس آسٹریلیا میں پہلی ٹیسٹ سیریز کامیابی کا نادر موقع موجود ہے، ایسے میں وہ نائٹ کرکٹ کھیل کر اس موقع کو گنوانا نہیں چاہتے کیونکہ انھیں ابھی تک پنک بال کی کرکٹ کا کوئی تجربہ نہیں ہے جبکہ آسٹریلوی ٹیم کئی نائٹ ٹیسٹ میچز کھیل چکی ہے۔

متعلقہ عنوان :