گلگت بلتستان میں (ن) لیگ کی حکومت نے ریکارڈ ترقیاتی کام کئے ،حافظ حفیظ الرحمن

جمعرات 3 مئی 2018 12:44

گلگت بلتستان میں (ن) لیگ کی حکومت نے ریکارڈ ترقیاتی کام کئے ،حافظ حفیظ ..
گلگت۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مئی2018ء) وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں (ن) لیگ کی حکومت نے ریکارڈ ترقیاتی کام کئے ہیں، 2015 کے انتخابات کے دوران جتنے بھی اعلانات اور وعدے کیے تھے آج تمام وعدے اور اعلانات پر مکمل عملدرآمد ہو چکا ہے،کچورا ریسٹ ہائوس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ حفیظ الرحمن نے کہا کہ گلگت بلتستان کا سالانہ بجٹ 7ارب تھا جسے تین سالوں میں بڑھا کر 24ارب تک پہنچایا گیا، 50کروڑ روپے کا ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈز مختص کیا گیا ہے جس کے تحت غریب بچوں کو تعلیم فراہم کی جائے گی، وزیراعظم صحت کارڈ کے تحت 67ہزار مریضوں کو علاج و معالجے کی سہولیات دی جا رہی ہیں، سابقہ حکومتوں نے بڑے بڑے اعلانات کئے مگر عملی طور پر کچھ نہیں کیا، انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ ہم نے جو وعدے کیے وہ پورے بھی کئے ،سکردو روڈ کا ٹینڈر پہلے مشرف دور میں ہوا پھر پیپلزپارٹی کے دور میں بھی ٹینڈر ہوا لیکن کام شروع نہیں ہو سکا ہم نے سکردو روڈ پر کام شروع کر دیا، کھرمنگ اور شگر کو بھی ضلع بنایا۔