پاکستانی نوجوانوں میں بیروزگاری کی شرح 9.1 فیصد تک پہنچ گئی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 3 مئی 2018 14:33

پاکستانی نوجوانوں میں بیروزگاری کی شرح 9.1 فیصد تک پہنچ گئی
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔03 مئی۔2018ء) نیشنل ہیومن ڈیولپمنٹ نے ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ پاکستان میں سال 2015 کے دوران نوجوانوں میں بیروزگاری کی شرح 9.1 فیصد تک پہنچ گئی تھی جبکہ 2007 میں یہ شرح 6.5 فیصد تھی۔ ملک کی کل افرادی قوت میں 41.6 فیصد نوجوان ہیں، جن کی عمر 15 سے 29 برس کے درمیان ہے۔ 2015 میں نوجوانوں کی بیروزگاری کی شرح 9.1 فیصد رہی جو اب بھی 2004 کے مقابلے میں کم ہے۔

نیشنل ہیومن ڈیولپمنٹ کی رپورٹ ’پاکستان کے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا‘ میں کہا گیا کہ مزدوروں کے عالمی ادارے نے 15 سے 24 سال کے عمر کے نوجوان میں بیروزگاری کی شرح 10.8 فیصد بتائی۔رپورٹ میں نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے حوالے سے 3 اہم چیزوں پر توجہ دی گئی ہے، جن میں اعلیٰ تعلیم، منافع بخش روزگار اور معقول مشغولیت شامل ہیں۔

(جاری ہے)

نیشنل ہیومین ڈیولپمنٹ کی رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستان میں اس وقت تاریخ کی سب سے بڑی نوجوان نسل موجود ہے اور اس کی آبادی کا 64 فیصد حصہ 30 سال سے کم عمر کا ہے جبکہ 29 فیصد نوجوان 15 سے 29 برس کے درمیان ہیں۔اس کے علاوہ پاکستان دنیا میں اس وقت سب سے زیادہ نوجوانوں کی تعداد رکھنے والے ممالک میں سے ایک ہے جبکہ جنوبی ایشیاءمیں افغانستان کے بعد دوسرے نمبر پر ہے۔

متعلقہ عنوان :