ٹیکس نظام کو آسان و سہل بنا کر ٹیکس ریونیو میںبہتر اضافہ کیا جا سکتا ہے ،ْ شیخ عامر وحید

بینکوں کے چکر لگانے کی بجائے ٹیکس دہندگان جب چاہیں آن لائن ٹیکس ادا کر سکتے ہیں ،ْمحمد آفتاب عالم

جمعرات 3 مئی 2018 16:31

ٹیکس نظام کو آسان و سہل بنا کر ٹیکس ریونیو میںبہتر اضافہ کیا جا سکتا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مئی2018ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے سٹیٹ بینک آف پاکستان کے اشتراک سے آن لائن ٹیکس ادائیگی کے طریقہ کار کے بارے میں ایک آگاہی سمینار کا انعقاد کیاجس میں چیمبر کے صدر شیخ عامر وحید، سینئر نائب صدر محمد نوید ملک اور نائب صدر نثار مرزا سمیت تاجر برادری نے بھرپور شرکت کی۔

سٹیٹ بینک کی بینکنگ سروسز کارپوریشن کے چیف منیجر محمد آفتاب عالم، ڈپٹی چیف منیجر محترمہ زہرہ حنیف ماب، ڈپٹی ڈائریکٹر سید نبیل حسن اور کسٹم اسلام آباد کی ڈپٹی کلکٹر محترمہ صالح ذاکر شاہ نے شرکاء کو آن لائن ٹیکس ادائیگی کے طریقہ کار کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔ سمینار سے خطاب کرتے ہوئے سٹیٹ بینک کی بینکنگ سروسز کارپوریشن کے چیف منیجر محمد آفتاب عالم نے کہا کہ ان کے بینک نے ڈیجیٹل بینکنگ کو فروغ دینے کیلئے ویژن 2020کے تحت ایک نئی حکمت عملی وضع کی جس کا مقصد ادائیگیوں کے ایک جدید نظام کو تشکیل دینا اور آٹومیٹڈٹرانسفر سسٹم کی ترقی کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنا ہے تاکہ تاجر برادری ٹیکس کی ادائیگی میں سہولت محسوس کرے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ حکومت پاکستان نے پاکستان کسٹم کے ذریعے ورلڈ کسٹم آرگنائزیشن اور ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن کے ساتھ معاہدات طے کئے جن کا مقصد نجی شعبہ کو تجارت کو فروغ دینے کی سرگرمیوں میں سہولت فراہم کرنااور ٹیکسوں و ڈیوٹیوں کی ادائیگی کیلئے الیکٹرانک نظام کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آن لائن ٹیکس ادائیگی کی سہولت کی فراہمی ان مقاصد کے حصول کی جانب ایک مثبت پیش رفت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس سہولت کی فراہمی سے ٹیکس دہندگان بینکوں کے چکر لگائے بغیر کہیں سے بھی جب چاہیں اپنا ٹیکس ادا کر سکتے ہیںجس سے ان کو وقت کی بچت ہو گی اور متعدد مسائل سے چھٹکارہ ملے گا لہذا انہوںنے اس بات پر زور دیا کہ تاجر برادری ٹیکس ادائیگی کی آن لائن سہولت سے بھرپور استفادہ حاصل کرے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے کہا کہ پاکستان کا موجودہ ٹیکس نظام پیچیدہ اور مشکل ہونے کی وجہ سے ٹیکس ریونیو میں اضافہ کرنے میں معاون ثابت نہیں ہو رہا لہذا حکومت ٹیکس نظام کو آسان اور سہل بنانے کی کوشش کرے جس سے ٹیکس ریونیومیں بہتر اضافہ ہو گا۔

انہوںنے کہا کہ اس وقت صنعتی شعبہ سب سے زیادہ ٹیکس ادا کر رہا ہے لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومت ٹیکس نظام میں ضروری اصلاحات لاکر ایسا منصفانہ ٹیکس نظام تشکیل دے جو معیشت کے تمام شعبوں سے ان کی صلاحیت کے مطابق ٹیکس وصول کرے۔ انہوںنے کہا کہ ٹیکس کلچر کو فروغ دینے کیلئے ضروری ہے کہ حکومت ٹیکس کا پیسہ غیر ترقیاتی کاموں اور دیگر مراعات پر خرچ کرنے کی بجائے تعلیم و صحت سمیت عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کرے۔

انہوں نے کہا کہ جب حکومت ٹیکس کے پیسے سے عوام کا معیار زندگی بہتر کرے گی تو لوگ ٹیکس دینے میں ترغیب محسوس کریں گے۔انہوںنے امید ظاہر کی کہ آن لائن ٹیکس ادا کرنے کی سہولت کی فراہمی سے ٹیکس دہندگان اور ٹیکس مشینری کے درمیان روابط کم ہوں گے اور ٹیکس دہندگان کی مشکلات کم ہوں گی۔انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ چیمبر ٹیکس نظام کو بہتر کرنے کے اقدامات میںحکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گا۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد نوید ملک اور نائب صدر نثار مرزا نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور آن لائن ٹیکس ادائیگی کی سہولت کے بارے میں تاجر برادری میں مزید آگاہی پیدا کرنے کیلئے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔