پاسکو کے عملے کی من مرضی اور اقربا پروری کی شکایت برداشت نہیں کی جائیگی ، ڈپٹی کمشنر حافظ آباد

چھوٹے زمینداروں اور کسانوں سے سرکاری نرخوں پر گندم کی خریداری کے لئے ممکنہ اقدامات کئے گئے ہیں

جمعرات 3 مئی 2018 23:50

حافظ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 03 مئی2018ء) ڈپٹی کمشنر حافظ آباد صالحہ سعید نے کہاہے کہ پاسکو کے ذریعے چھوٹے زمینداروں اور کسانوں سے سرکاری نرخوں پر گندم کی خریداری کے لئے ممکنہ اقدامات کئے گئے ہیں اور اس امر کو ہر سطح پر یقینی بنایا گیاہے کہ قرعہ اندازی میں کامیاب ہونے والوں کو انکے کو ٹے کے مطابق باردانہ بآسانی مل سکے ۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاسکو کے عملے کی جانب سے من مرضی اور اقربا پروری کی شکایت برداشت نہیں کی جائیگی اور حق داروں کو انکا جائز حق ہر صورت دلایا جائیگا ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار پاسکو کے گندم خریداری مراکز کوٹ سرور اور سولنگی اعوان کے دورے کے موقع پر کہی ۔ڈپٹی جنرل مینجر پاسکو میجر (ر) خرم بٹ اور دیگر افسران بھی انکے ہمراہ تھے ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے مراکز خریداری پر آئے ہو ئے زمینداروں اور کاشت کاروں کو یقین دہانی کرائی کہ انکے حقوق اور مفاد کا بھر پور تحفظ کیا جائیگا اور کسی بھی صورت ان سے ناانصافی نہیں ہونے دی جائیگی ۔پاسکو کے افسران نے ڈپٹی کمشنر کو گند م خریداری مہم کے حوالہ سے بریفنگ دیتے ہو ئے بتایا کہ امسال ضلع حافظ آباد کے لئے 7لاکھ 85ہزار بوری گندم کی خریداری کا ٹارگٹ مقرر کیاگیاہے انہوں نے بتایا کہ حکومتی پالیسی کے تحت شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے اہل زمینداروں اور کسانوں کا انتخاب عمل میں لایا جا چکاہے جہنیں انکے قریبی سنٹر سے باردانہ جاری کیا جارہاہے ۔

ڈپٹی کمشنر نے بعد ازاں دیہی مراکز صحت کالیکے منڈی اور سولنگی اعوان اور کوٹ سرور کے پرائمری سکولوں کا بھی دورہ کیا ۔انہوں نے آر ایچ سے کالیکی منڈی کے انچارج ڈاکٹر زیشان کی غیر حاضری کا نوٹس لیتے ہوئے سی ای او ہیلتھ کو ہدایت کی کہ متعلقہ ڈاکٹر کی جواب طلبی کے ساتھ انہیں فوری طور پر تبدیل کرکے دوسرے ڈاکٹر کو تعینات کیا جائے ۔انہوں نے سکولوں میں جاری تدریسی سر گرمیوں کا بھی جائزہ لیا اور اساتذہ کو ہدایت کی کہ وہ پوری دل جمعی اور خلوص نیت سے کم سن بچوں کو تعلیم وتربیت کی فراہمی کا فرض ادا کریں انہوں نے سکولوں میں صفائی ستھرائی کے معیار کو بہتر بنانے کی بھی ہدایت کی ۔

متعلقہ عنوان :