انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحان5مئی سے شروع۔امیدواروں کو رول نمبر سلپ ارسال

جمعرات 3 مئی 2018 23:58

ڈی جی خان۔3 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مئی2018ء)ڈپٹی کنٹرولر امتحانات ثانوی و اعلی ثانوی تعلیمی بورڈ ڈیرہ غازیخان شیخ امجدحسین نے کہا ہے کہ انٹر میڈیٹ سالانہ امتحان 5مئی سے شروع ہو رہا ہے جس کیلئے تمام امیدواروں کو رولنمبرسلپس ارسال کر دی گئی ہی․انہوں نے بتایا کہ سربراہان ادارہ کوہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے ادارہ کے طلبائوطالبات کی بورڈ سے جاری شدہ رولنمبر سلپ کے پیچھے اپنے دستخط اور مہر ثبت کر کے امیدواروں کے حوالے کریں اور امیدوارامتحان کے دوران رولنمبر سلپ اپنے ساتھ رکھیں ․ شیخ امجد حسین نے بتایا کہ مذکورہ امتحان کیلئے کل 128سنٹرز بنائے گئے ہیں جن میں سے 30ڈیرہ غازیخان ، 52مظفرگڑھ ، 28لیہ اور 18راجن پورکے سنٹرز شامل ہیں۔

انہوں نے بتایاکہ امتحان میں 44689، امیدوارشرکت کررہے ہیں ․ پانچ مئی سے 21مئی تک بارہویں کلاس(پارٹ سیکنڈ) کا امتحان ہو گا جبکہ 22مئی سے چھ جون تک گیارہویں کلاس (پارٹ فسٹ) کا ا متحان ہو گا۔

(جاری ہے)

پریکٹیکلز کا انعقاد آٹھ جون سے 13جولائی تک ہو گا۔ انہوں نے بتایاکہ گیارہویں کلاس کے امتحان کیلئے رولنمبر سلپس 10مئی تک بھجوا دی جائیںگی۔ ڈپٹی کنٹرولر شیخ امجد حسین نے بتایاکہ امتحانات کے انعقاد کیلئے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اورشفافیت کویقینی بنانے اور مو ثر نگرانی کیلئے انسپکٹرز اور مختلف ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور تمام سپروائزری سٹاف کی تعیناتی بھی مکمل کر لی گئی ہے۔