یاسین زئی اقوام کی زمینوں پر لینڈ مافیا کا قبضہ نہایت ہی قابل مذمت ہے،محمد لقمان کاکڑ

یاسین زئی قبائل کے پرامن احتجاجی مظاہرے پر لینڈ مافیا کی فائرنگ اور تشدد کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، درخواستیں دینے کے باوجود حکومتی خاموشی کئی سوالوں کو جنم دیتی ہے ، ڈپٹی جنرل سیکریٹری بلوچستان نیشنل پارٹی کوئٹہ

جمعرات 3 مئی 2018 23:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 مئی2018ء) بلوچستان نیشنل پارٹی کوئٹہ کے ڈپٹی جنرل سیکریٹری محمد لقمان کاکڑ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یاسین زئی اقوام کی زمینوں پر لینڈ مافیا کا قبضہ نہایت ہی قابل مذمت ہے یاسین زئی قبائل صدیوں سے بلوچستان میں آباد ہیں اس دھرتی کی حفاظت اور اس کی تعمیر و ترقی میں ان کا اہم قرار رہا ہے انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں یاسین زئی قبائل کا اپنی زمینوں پر لینڈ مافیا کے قبضہ کے خلاف پرامن احتجاجی مظاہرے کے شرکاء پر لینڈ مافیا کی جانب سے فائرنگ اور تشدد کا المناک واقعہ انتہائی افسوسناک ہے یاسین زئی قبائل کی جانب سے بارہا ڈپٹی کمشنر کوئٹہ اور لیویز تھانہ ہنہ کو لینڈ مافیا کے خلاف کارروائی کرنے کی درخواستیں دینے کے باوجود حکومتی خاموشی کئی سوالوں کو جنم دیتی ہے گزشتہ روز پرامن احتجاجی مظاہرے کے شرکاء اور لینڈ مافیا کے درمیان تصادم کے واقعہ پر انتظامیہ کی جانبدارانہ روش قابل مذمت ہے لینڈ مافیا کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے یاسین زئی قبائل کے خلاف ایف آئی آر اور انہیں گرفتار کرنا اور ان کی ایم ایل سی کو روکنا کہاں کا انصاف ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے یاسین زئی قبیلے کے وفد کے ساتھ ملاقات کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ ریاست کا کام تو مظلوموں کا ساتھ دینا اور انہیں انصاف دلانا ہے لیکن بلوچستان میں اس کا الٹ ہے اس صوبے میں حکومت جرائم پیشہ لوگوں کو محبوب رکھتی ہے جو کہ کسی المیہ سے کم نہیں انتظامیہ ایک ایسے شخص کی سرپرستی کررہی ہے جس کے خلاف انسداد دہشت گردی اور دیگر عدالتوں میں کئی اغواء برائے تاوان ‘ بھتہ خوری ‘ چارسوبیسی اور زمینوں پر قبضہ کرنے کے کئی مقدمات زیر سماعت ہیں انہوں نے کہا کہ کمشنر کوئٹہ ڈویژن سے ہمارا مطالبہ ہے کہ یاسین زئی قبائل کی جانب سے قبضہ مافیا کے خلاف جمع ایف آئی آر کی درخواست کو فوری طورپر منظور کرے اور قبضہ مافیا کے خلاف سخت ترین کارروائی کرے انہوں نے کہا کہ اگر کمشنر کوئٹہ نے اس مسئلے میں مثبت قرار داد نہیں کیا تو یہ مسئلہ انتہائی سنگین صورتحال اختیار کر سکتا ہے ۔