جاپان میں آئین کی تشکیل کے 71 سال مکمل، دفاع سے متعلق شق پر مباحثہ ہوگا

جمعہ 4 مئی 2018 10:30

ٹوکیو۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مئی2018ء)جاپان کے آئین کی تشکیل کو 71 سال پورے ہونے پر آئین میں تبدیلی کے حامی اور مخالفین اس پر مباحثہ کریں گے۔ جاپان کے نشریاتی ادارے کے مطابق جاپان میں عوام کی حکمرانی، بنیادی انسانی حقوق اورامن پسندی کے اصولوں پر مبنی آئین کو تشکیل دیئے 71 برس مکمل ہو گئے۔ اس وقت زیادہ تر توجہ شق 9 پر ہے، جو جنگ مخالف ہے اور اس کے مطابق جاپان کبھی جنگ شروع کرنے کی صلاحیت حاصل نہیں کرے گا۔

(جاری ہے)

بعض قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ ملک کی سیلف ڈیفنس فورسزکی موجودگی، آئین کی اس شق کی خلاف ورزی ہے تاہم حکومت جاپان اس کی تشریح اس طرح کرتی ہے کہ یہ شق جاپان کے دفاع کے موروثی حق کے خلاف نہیں اور اس کے تحت کم سے کم سطح کی مسلح افواج رکھی جا سکتی ہیں۔ دوسری جانب وزیر اعظم شنزو آبے کہہ چکے ہیں کہ وہ آئین میں ایک ایسی شق کا اضافہ چاہتے ہیں، جو سیلف ڈیفنس فورسز کی موجودگی کو تسلیم کرتی ہو۔ ان کا کہنا ہے کہ اس طرح ایس ڈی ایف کی قانونی حیثیت پر شکوک و شبہات ختم ہوجائیں گے۔ واضح رہے کہ مزکورہ آئین 3مئی 1947 کو اس کے نفاذ کیا گیا تھا اور آج تک اس میں ترمیم نہیں کی گئی تاہم اب آئین میں تبدیلی کے حامی اور مخالفین اس پر مباحثہ کریں گے۔