فلم’’لوڈ ویڈنگ‘‘ میں مہوش حیات کے کردار کی پہلی جھلک

یہ فلم عیدالاضحیٰ پر ریلیز ہوگی اور اس کا مقابلہ ہمایوں سعید کی فلم’’ جوانی پھر نہیں آنی 2 ‘‘سے ہوگا

جمعہ 4 مئی 2018 12:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2018ء) رواں سال عید الاضحیٰ پر کئی فلموں کی ریلیز کا امکان ہے اور ان میں سے ایک نبیل قریشی اور فضاء علی میرزا کی ’’لوڈ ویڈنگ‘‘ بھی ہے۔اس فلم میں ’’ایکٹر ان لاء‘‘ کے اداکار فہد مصطفیٰ اور مہوش حیات پھر اکھٹے ہورہے ہیں۔یہ فیملی ڈراما فلم شادی کے گرد گھومتی ہے اور مہوش حیات نے اس فلم میں اپنے کردار کی پہلی جھلک جاری کی ہے۔

اس جھلک کو دیکھ کر نہیں لگتا کہ ان کا کردار دلہن بننے کے لیے تیار ہے۔

(جاری ہے)

انسٹاگرام پر جاری تصویر میں انہیں کسی دروازے کے سامنے کھڑا دیکھا جاسکتا ہے اور کیپشن میں لکھا ہے 'میری آنے والی فلم ’’لوڈ ویڈنگ‘‘ کے سیٹ سے۔اس سے قبل نبیل قریشی، فضاء علی میرزا اور فہد مصطفیٰ کی ٹیم نامعلوم افراد، ایکٹر ان لاء اور نامعلوم افراد 2 جیسی سپر ہٹ فلمیں بناچکے ہیں۔اس فلم کو بنانے کے اعلان کے بعد نبیل قریشی نے کہا تھا کہ یہ فلم ان کی دیگر فلموں کے مقابلے مختلف ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ لوڈ ویڈنگ کی کہانی بھی مختلف ہے جبکہ اس میں ایکشن اور کاسٹ بھی مختلف ہوگی۔یہ فلم عیدالاضحیٰ پر ریلیز ہوگی اور اس کا مقابلہ ہمایوں سعید کی فلم جوانی پھر نہیں آنی 2 سے ہوگا۔