ڈی ایچ کیو ہسپتال میں مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں،ڈپٹی کمشنر ساہیوال

اتوار 6 مئی 2018 14:30

چیچہ وطنی۔6 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2018ء) ڈپٹی کمشنر ساہیوال شوکت علی خان کھچی نے کہا ہے کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی کیلئے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں اور فنڈز کی کمی بھی دور کر دی جائے گی لیکن ڈاکٹروں کا بھی فرض ہے کہ وہ آنیوالے مریضوں کو چیک کریںتا کہ ان کا بروقت علاج ممکن ہو سکے ۔یہ بات انہوں نے ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال کے اچانک دورے کے دوران مریضوں کی طرف سے ادویات کی فراہمی میں مشکلات کی شکایات پر کہی ۔

انہوں نے ایم ایس کو ہدایت کی کہ لوکل پرچیز سے ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور کوئی بھی مریض دوائی کے بغیر نہ جائے ۔ انہوں نے ہسپتال کی صفائی کا بھی تفصیلی جائزہ لیااور اسے اطمینان بخش قرار دیا ۔

(جاری ہے)

بعد ازاں ڈپٹی کمشنر شوکت علی خان کھچی نے انٹرمیڈیٹ کے امتحانی مرکزگورنمنٹ گرلز اسلامیہ ہائی اسکول کا بھی دورہ کیا۔انہوں نے سنٹر سپرنٹنڈنٹ سے انتظامات کے بارے میں تفصیلی آگہی لی اور ہدایت کی کہ کسی بھی قسم کی پریشانی میں فوری انتظامیہ کو آگاہ کیا جائے اور نقل روکنے کے فول پروف انتظامات کیے جائیں تا کہ طلباء و طالبات کا امتحانی نظام پر اعتماد بحال ہو ۔

بعد ازاں انہوں نے گندم خریداری مرکز قادر آباد کا بھی دورہ کیا اور کسانوں کی فراہم کی جانیوالی سہولیات کا جائزہ لیا ۔انہوں نے باردانہ کی تقسیم کو شفاف بنانے کیلئے مرتب کردہ فہرست پر مکمل عمل کرنے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ باردانہ کی تقسیم میں چھوٹے کاشتکاروں کو ترجیح دی جائے ۔انہوں نے سٹاف کو کسانوں کیلئے پینے کے ٹھنڈے پانی اور سائے کا انتظام کرنے کی بھی ہدایت کی ۔

متعلقہ عنوان :