اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں فارغ التحصیل پروفیشنلز اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، گورنر سندھ

طالب علموں کو جدید دور کے مطابق سہولیات کی فراہمی سے ہی عصری دور میں پاکستان کو نمایا ں مقام دلایا جا سکتا ہے۔محمد زبیر صوبہ میں سرکاری و نجی جامعات اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لئے انتہائی معاون ثابت ہو رہی ہے ، خطاب

اتوار 6 مئی 2018 18:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2018ء) گورنرسندھ / پیٹرن محمد زبیر نے کہا ہے کہ صوبہ میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لئے جامعات سے فارغ التحصیل پروفیشنلز اہم کردار ادا کر سکتے ہیں ، عصر حاضر کے مطابق نصاب کی تیاری ، درس و تدریس ، طالب علموں کو جدید دور کے مطابق سہولیات کی فراہمی سے پاکستان کو نمایا ں مقام دلایا جا سکتا ہے ، صوبہ میں سرکاری و نجی جامعات اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لئے معاون ثابت ہو رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے طالب علموں کو جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ حاصل کرنے کے لئے وزیر اعظم اسکیم کے تحت لیپ ٹاپ تقسیم کئے جس کے مثبت نتائج حاصل ہونے کے لئے اب اس کا دائرہ مزید بڑھا دیا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ طالب علم عصر حاضر میں ہونے والی تبدیلیوں ، عالمی جامعات کے نصاب ، جدید ترقی اور معاشی بہتری کے لئے بھرپو ر طریقہ سے حصہ لے سکیں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسٹیٹیو ٹ آف بزنس منیجمنٹ کے سابق طالب علموں کے اعزا ز میں منعقدہ استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر چانسلر بشیر جان محمد ،صدر طالب کریم، جامعہ کے پروفیسرز ، لیکچرارز ، اساتذہ سمیت جامعہ سے فارغ التحصیل پروفیشنلز شریک تھے ۔ گورنرسندھ نے مزید کہا کہ معیار تعلیم ، جدید خطوط پر نصاب کی تیاری اور عصر حاضر کے مطابق طالب علموں کو سہولیات کی فراہمی سے ہی نوجوانوں کو پاکستان کا ذمہ دار فرد بنایا جا سکتا ہے ، موجودہ حکومت نے امن و امان ، توانائی ، مستحکم معیشت کے ساتھ ساتھ اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لئے بھرپور اقدامات یقینی بنائے ہیں ، اعلیٰ تعلیم کے فروغ سے پاکستان کو عالمی معاشی نقشہ پر نمایاں مقام دلایا جا سکتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ کی جامعات کو وفاق ہر ممکن تعاون فراہم کررہا ہے جبکہ نجی جامعات کو بھی بھرپور معاونت اور مدد فراہم کی جار ہی ہے تا کہ اعلیٰ تعلیم کو جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئیM IoB کے چانسلر بشیر جان محمد نے انسٹیٹیوٹ کے اغراض و مقاصد ، نصاب کی تیاری کے ضمن میں اٹھائے گئے اقدامات ، طالب علموں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور پاکستان کے تقاضوں کے مطابق اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا روشن مستقبل ہیں ان کی آبیاری کے لئے نجی جامعات اہم کردار ادا کررہی ہے ۔