راجہ ناصر عباس کے بھانجے اور ان کی اہلیہ کی المناک وفات پر ڈاکٹر طاہر القادری کا اظہار افسوس

اتوار 6 مئی 2018 20:30

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 مئی2018ء) پاکستان عوامی تحریک کے قائد محمد طاہر القادری نے ایم ڈبلیو ایم کے سیکرٹری جنرل راجہ ناصر عباس کے بھانجے اور ان کی اہلیہ کی روڈ ایکسیڈنٹ سے المناک ناگہانی وفات پر گہرے رنج اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے علامہ راجہ ناصر عباسی کے نام اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ اللہ تعالی مرحومین کواپنی جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت اور حوصلہ دے۔

مرحومین کی نماز جنازہ شکریال راولپنڈی میں ادا کی گئی،نماز جنازہ میں عوامی تحریک کے رہنما غلام علی خان،سید قمر گردیزی،فاروق ستی،ملک طاہر جاوید، اور دیگر نے شرکت کی اور علامہ راجہ ناصر عباس سے دلی تعزیت کااظہار کیا، اس موقع پر عوامی تحریک کے رہنما غلام علی خان نے ڈاکٹر طاہر القادری اورخرم نوازگنڈا پورکا تعزیتی پیغام بھی پہنچایا،دریں اثناء چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن ڈاکٹر حسن محی الدین،ڈاکٹر حسین محی الدین ،نور اللہ صدیقی،میاں زاہد اسلام،اور منہاج القرآن و عوامی تحریک کے مرکزی،صوبائی و ضلعی قائدین نے بھی علامہ راجہ ناصر عباس سے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندان کے لیے بخشش اور مرحوم ین کے درجات کی بلندی کی دعا کی۔

(جاری ہے)

دریں اثناء سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر محمد طاہر القادری،چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین،ڈاکٹر حسین محی الدین،خرم نواز گنڈا پور،سید،نور اللہ صدیقی،غلام علی خان،قاضی شفیق،ملک طاہر جاوید سمیت دیگر رہنمائوں نے سینئر صحافی عمران اصغرکی دادی اور اصغر شاد مرحوم کی والدہ کے انتقال پر دلی ظہار افسوس کرتے ہوئے مرحومہ کی بخشش،بلند درجات اور سوگوار خاندان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔