ْپنجاب اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی ، بجٹ اجلاس 14مئی کو بلائے جانے کا امکان

پیر 7 مئی 2018 22:44

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2018ء) پنجاب اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کر دیا گیا ، بجٹ اجلاس 14مئی کو بلائے جانے کا امکان ہے ۔ پنجاب اسمبلی کا اجلاس گزشتہ روز بھی اپنے مقررہ وقت کی بجائے ایک گھنٹہ 25منٹ کی تاخیر سے سپیکر رانا محمد اقبال خاں کی زیر صدارت میں شروع ہوا ۔اجلاس میں محکمہ ہائر ایجوکیشن کے بارے میں پارلیمانی سیکرٹری مہوش سلطانہ نے جوابات دئیے ۔

محکمہ ہائر ایجوکیشن کے جمعہ کے روز سیکرٹری ہائر ایجوکیشن کی عدم موجودگی کی وجہ سے موخر شدہ صرف 6سوالات ایجنڈے میں شامل تھے جن کا کوئی محرک ایوان میں موجود نہ تھا ۔صرف چوہدری اشرف کا ایک سوال کسی دوسرے ممبر نے کیا جس کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری نے بتایا کہ گجرات ضلع میں خالی آسامیوں کو بہت جلد پُر کرلیا جائیگا اور نئی آسامیاںبھی پیدا کی جائیں گی ۔

(جاری ہے)

وقفہ سوالات کے بعد رکن اسمبلی میاں اسلم اقبال نے ایک مرتبہ پھر ایم کیٹ اورای کیٹ کے مسئلے کو اٹھایا ۔انہوںنے کہاکہ انٹر میڈیٹ کے امتحانات مکمل ہونے والے ہیں اور اس کے بعد طلباء نے پھر میڈیکل میں داخلوں کیلئے انٹری ٹیسٹ دینے ہیں سپیشل کمیٹی کی جانب سے جو رپورٹ ایوان میں پیش کی گئی تھی اس پر عمل درآمد کرایا جائے کیونکہ عمل درآمد نہ ہونے کی وجہ سے طلباء کے مستقبل سے کھیلنے والی اکیڈمیاں ایک مرتبہ پھر اشتہارات اخبارات اور سوشل میڈیا پر دے رہے ہیں جس پر سپیکر نے محکمہ صحت اور ہائر ایجوکیشن سے 7روز میں رپورٹ طلب کرلی اور متعلقہ حکام کو بھی اپنے چیمبر بلالیا ۔

اجلاس کا ایجنڈا مکمل ہونے پراسپیکر نے اجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردیا گیا ۔ اجلاس کے آخر میں سپیکر نے کہاکہ اب شاید ہم میں سے کوئی دوبارہ ایوان میں آسکے ۔ لیکن ہوسکتا ہے کہ ہم ایک بار پھر ایک ہفتے کے بعد یہاں اکٹھے ہوں ۔ پنجاب کا ممکنہ بجٹ پیش کرنے کیلئے سمری گورنر کو بھجوادی گئی تاہم امکان ہے کہ بجٹ اجلاس 14مئی کو ہوگا ۔