پی آئی اے نجکاری کیس ‘چیف جسٹس کاسابق مشیر ہوابازی شجاعت عظیم کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم

منگل 8 مئی 2018 15:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 08 مئی2018ء) پی آئی اے نجکاری کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے سابق مشیر ہوابازی شجاعت عظیم کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم دیدیا۔سپریم کورٹ میں چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے پی آئی اے نجکاری کیس کی سماعت کی ، دوران سماعت سابق مشیر ہوابازی شجاعت عظیم اور موجودہ مشیر مہتاب عباسی سپریم کورٹ میں پیش ہوئے۔

(جاری ہے)

شجاعت عظیم کے عدالت میں کھڑے ہونے کے انداز پر چیف جسٹس نے ان کی سرزنش کردی، چیف جسٹس نے انہیں مخاطب کرکے کہا ’’شجاعت عظیم آپ عدالت میں جیب سے ہاتھ باہر نکال کر کھڑے ہوں، آپ ملک سے باہر نہیں جا سکتے، پی آئی اے میں نقصان آپ کے دور میں ہوا ہے، کیا نیب حکام یہاں موجود ہیں، کیا یہ معاملہ نیب کو بھجوادوں ‘‘۔شجاعت عظیم نے کہا کہ وہ 2 سال مشیر ہوا بازی رہے ان کا تعلق پی آئی اے سے نہیں ہوابازی سے تھا۔ چیف جسٹس نے شجاعت عظیم کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 2 ہفتوں کیلئے ملتوی کردی۔ چیف جسٹس نے حکم دیا ہے کہ پی آئی اے کے سابق ایم ڈیز اپنے جوابات داخل کریں اور جوابات سوچ سمجھ کر داخل کیے جائیں۔