ایئریونیورسٹی کے زیراہتمام اوپن ہاؤس کی سالانہ تقریب

جدید ٹیکنالوجی سے متعلقہ 144پراجیکٹس پیش کیے گئے

منگل 8 مئی 2018 22:44

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 مئی2018ء) ایئریونیورسٹی کے زیراہتمام اوپن ہاؤس کی سالانہ تقریب میں جدید ٹیکنالوجی سے متعلقہ 144پراجیکٹس پیش کیے گئے، تفصیلات کے مطابق تقریب کا انعقادمین کیمپس اسلام آباد میں کیا گیا، تقریب کے مہمان خصوصی راستگار گروپ کے بانی چیئرمین امتیاز علی راستگار تھے، انہوں نے وائس چانسلر ایئریونیورسٹی ایئر وائس مارشل (ر)فائز امیر کے ہمراہ طلبائو طالبات کے فائنل ایئر پراجیکٹس اسٹالز کا دورہ کرتے ہوئے اسٹوڈنٹس کی تخلیقی صلاحیتوں کو سراہا، انہوں نے کہا کہ پاکستانی طلباء و طالبات دنیا کے ہر شعبہ زندگی میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں، اس موقع پر یونیورسٹی کے شعبہ انجینئرنگ اور کمپیوٹر سائنس میں زیر تعلیم پانچ سو سے زائد فائنل ایئرکے طلبائ و طالبات نے انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینئرنگ، روبوٹکس، ہیلتھ کیئر، پاور سیکٹر، انرجی ، ٹیلیکام، الیکٹرونکس وغیرہ سے متعلق اپنے مختلف پراجیکٹس پیش کیے۔

(جاری ہے)

اوپن ہاؤس کی اختتامی تقریب میں کامیاب طلبائ و طالبات کی ٹیموں کے مابین انعامات اور تعریفی اسناد بھی تقسیم کی گئیں، وائس چانسلر ایئریونیورسٹی فائز امیر نے اوپن ہاؤس کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ دورِجدید کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اوپن ہاؤس تقریب کے انعقاد سے انڈسٹری ،یونیورسٹی کے مابین شراکت کاری کو استحکام حاصل ہوگا، انہوں نے اوپن ہاؤس تقریب میں شریک ہونے والے اداروں کا بھی شکریہ ادا کیا، رواں برس ایئر یونیورسٹی کے اوپن ہاؤس میں ٹیلیکام، انجینئرنگ، انرجی، بینکنگ سیکٹر کی لگ بھگ 24نمایاں کمپنیوں نے خصوصی طور پر شرکت کی، سالانہ اوپن ہاؤس تقریب میں شرکت کیلئے میڈیا نمائندگان،بزنس اور ٹیکنالوجی ادارے، ریسرچ اینڈ ڈویلیپمنٹ ، انڈسٹری ماہرین اور سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھنے والوں کومدعو کیا گیا تھا۔

۔۔۔اعجاز خان

متعلقہ عنوان :