حرمِ مدنی انتظامیہ کی رمضان میں امن و سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے تیاریاں مکمل

ہنگامی صورت حال میں متاثرین اور زخمیوں کے فوری انخلاء کے پلان بھی تیار کر لیے گئے،انتظامیہ

بدھ 9 مئی 2018 13:30

مدینہ منورہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2018ء) رمضان المبارک کے نزدیک آنے کے ساتھ ہی مسجد نبوی کے امور کی جنرل پریذیڈنسی نے حرمِ مدنی میں اعتکاف کے مقامات کی سلامتی کے لیے مطلوبہ تیاریاں اور انتظامات مکمل کر لیے۔ اس سلسلے میں نمازیوں اور زائرین کی سلامتی کے لیے تمام تر انسانی وسائل اور جدید ترین آلات کو بروئے کار لایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں ہنگامی صورت حال میں متاثرین اور زخمیوں کے فوری انخلاء کے پلان بھی تیار کر لیے گئے ۔سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق مسجد نبوی میں سکیورٹی اینڈ سیفٹی سے متعلق جنرل ایڈمنسٹریشن نے سول ڈیفنس ڈائریکٹریٹ کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے رابطہ کاری کی ہے۔اس سلسلے میں متعلقہ ذمّے دار ادارے اور حکام امن و امان اور سلامتی کی صورت حال کا مسلسل جائزہ لیں گے۔ علاوہ ازیں سلامتی اور آگ سے بچاؤ کے نظام کی معمول کی دیکھ بھال بھی انجام دی جائے گی۔ ان تمام اقدامات کا مقصد مسجد نبوی میں نمازیوں اور معتکفین کی سلامتی کو یقینی بنانا ہے۔