فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز کا چوتھی پاکستان ٹریڈ ایکسپو 2018ء ٹورنٹو میں منعقد کرنے کا اعلان

بدھ 9 مئی 2018 17:32

فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز کا چوتھی پاکستان ٹریڈ ایکسپو 2018ء ٹورنٹو ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2018ء) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے چوتھی پاکستان ٹریڈ ایکسپو 2018ء کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں اس سال اکتوبر میں منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ٹریڈ ایکسپو کے متعلق تفصیلات بتاتے ہوئے ایف پی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر سید مظہر علی ناصر نے کہاکہ پچھلے تین کامیاب ترین ایونٹیس جوکہ ایف پی سی سی آئی نے منعقد کئے، اس سے ہماری ایکسپورٹ کی ترقی ،باہمی تجارت اور معاشی تعلقات کینیڈا کی مد میں خاطرخواہ نتائج حاصل ہوئے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ آنے والی اس تجارتی نمائش سے نارتھ امریکن مارکیٹ میں بھی پاکستانی مصنوعات متعارف ہوں گی جہاں پاکستانی مصنوعات کی بھرپور مانگ ہے پاکستان کے بڑے اداروں اور پاکستانی صنعتی سیکٹر کو اس بڑی نمائش (ایکسپو) میں شرکت کیلئے مدعو کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایس ایم منیر چیئرمین پاکستان کینیڈا بزنس کونسل ایف پی سی سی آئی خود اس ایکسپوکی چوتھی نمائش کے انتظامات کی نگرانی کریں گے۔

ایس ایم منیر چیئرمین پاکستان کینیڈا بزنس کونسل ایف پی سی سی آئی نے اس اُمید کا اظہار کیا کہ ایف پی سی سی آئی پاکستان ٹریڈ ایکسپو کے منعقد کرنے کاجو اقدام کیاہے اس سے پاکستانی برآمدات نہ صرف کینیڈا بلکہ شمالی امریکی خطے میں بھی تجارت کی نئی راہیںہموار ہونگی کیونکہ ایف پی سی سی آئی اس تجارتی نمائش میں شمالی امریکی خطہ کے بڑے خریداروں، چین سٹورز اور سپر سٹورز کو شرکت کیلئے مدعو کرے گی جس سے پاکستانی تاجروں کو کینیڈا کے علاوہ شمالی امریکی تاجروں کے ساتھ بزنس میٹنگ کرنے کا موقع ملے گا۔

اس نمائش کی اہمیت اس لئے بھی ہے کہ کینیڈا میں پاکستانی ٹیکسٹائل، ریڈی میڈ گارمنٹس ،چاول،مصالحہ جات تیار شدہ کھانے،تعمیراتی میٹریل، چمڑے کی مصنوعات،جیولری،بسکٹ اور کُوکیز، ڈرائی فروٹ، بیڈ شیٹس، تولیہ، سرجیکل آئٹم، سپورٹ کی اشیاء، ماربل، براس، ٹیکسٹائل ہینڈی کرافٹس وغیرہ کی بہت بڑی طلب ہے۔ ایف پی سی سی آئی نے پہلے ہی تمام بڑی مینو فیکچر نگ کمپنیوں اور اپنی ممبر باڈیز کو دعوت نامے بھیج دیئے ہیں۔